جیکب آباد پولیس کی کاروائیاں، 7 روپوش اشتہاری و مطلوب ملزمان گرفتار۔


جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد پولیس کی کاروائیاں، 7 روپوش اشتہاری و مطلوب ملزمان گرفتار۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس نے ضلع کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 7 روپوش اشتہاری و مطلوب ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، صدر تھانہ کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں پولیس کو مطلوب 2 روپوش ملزمان نبی بخش لاشاری اور منیر تھیم کو گرفتار کرلیا، علاوہ ازیں آباد تھانہ کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے 3 روپوش ملزمان بھورل پہنور، عبدالقادر پہنور اور شاہ محمد پہنور کو گرفتار کرلیا، ایک اور کاروائی میں سی آئی اے پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے قتل کے کیس میں مطلوب اشتہاری ملزم گل میر بروہی کو دمب تھرڑی کے قریب گرفتار کرکے غیر قانونی ٹی ٹی پستول برآمد کرلی جبکہ سٹی تھانہ کی پولیس نے چیکنگ کے دوران ایک مطلوب ملزم اشرف علی بھٹی کو گرفتار کرلیا، پولیس کی جانب سے گرفتار کئے ملزمان کے خلاف قانونی کاروائی کردی گئی ہے۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جے یو آئی کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی بربریت، باردانہ من پسند لوگوں کو دینے، ثناء اللہ سومرو، پریاکماری اور سہیل بروہی اور دیگر مغویوں کی عدم بازیابی کے خلاف مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جمعیت علماء سلام کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی بربریت، باردانہ من پسند لوگوں کو دینے، جے یو آئی کے سالار ثناء اللہ سومرو، پریاکماری، سہیل احمد اور حذیفہ بروہی سمیت دیگر مغویوں کی عدم بازیابی کے خلاف ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا عبدالوحید بروہی، اسداللہ حیدری، عرفان علی لوہر اور زکریا رند کی قیادت میں بلال مسجد گلاب ماڑی سے احتجاجی جلوس نکالا گیا، مظاہرین مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے عبید اللہ سندھی چوک پر پہنچنے جہاں مظاہرین نے دھرنا دیا۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ اسرائیل عرب ممالک کے سینے میں خنجر ہے انسانیت کے چیمپیئن ممالک اور اقوام متحدہ کی خاموشی و بے غیرتی عالمی امن کیلئے خطرہ ہے، انہوں نے من پسند افراد کو باردانہ فراہم کرنے پر احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی آباد گاروں اور ہاریوں کو باردانہ فراہم نہیں کیا گیا تو ملوث افسران کا گھیراء کیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ پاسکو غریب ہاریوں سے بھی خریداری کرکے ان کی پریشانی کو دور کیا جائے۔ انہوں نے کہا ثناء اللہ سومرو، پریاکماری اور سہیل بروہی سمیت دیگر مغویوں کو ڈاکوؤں سے بازیاب کرانے کا مطالبہ کیا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک شخص جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے گڑہی حسن تھانہ کی حدود میں واقع گاؤں میر ہزار میں بارش کے دوران آسمانی بجلی گرنے کے باعث ایک شخص 40سالہ گل بیگ کھوسو جاں بحق ہوگیا۔