میچ میں واقعہ: بنگلادیشی بولر کیخلاف کارروائی

بنگلادیشی بولر تیج الاسلام کو سری لنکا کے خلاف آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر جرمانہ کر دیا گیا۔

ڈھاکا کے میرپور اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا کے خلاف جاری دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے دن بنگلا دیشی باؤلر تیج الاسلام کو آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیتے ہوئے ان پر میچ فیس کا 25 فیصد جرمانہ کیا گیا ہے۔

اسپنر کو پلیئرز اور کھلاڑیوں کے معاون عملے کے لیے آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.9 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا جس کا تعلق بین الاقوامی میچ کے دوران نامناسب اور خطرناک انداز میں کسی کھلاڑی پر یا اس کے قریب گیند پھینکنے سے ہے۔

میچ کے دوران یہ واقعہ سری لنکا کی اننگز کے 69 ویں اوور میں پیش آیا جب تیج الاسلام نے بلے باز میتھیوز کی طرف خطرناک انداز میں گیند پھینکی حالانکہ بلے باز کریز میں موجود تھے اور ان کا ارادہ رنز بنانے کا نہیں تھا۔

میچ ریفری نے واقعے پر فوری ایکشن لیتے ہوئے مذکورہ کھلاڑی کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا اور ڈی میرٹ پوائنٹ بھی دیا۔

تیج الاسلام نے غلطی تسلیم کرتے ہوئے تجویز کردہ سزا کو قبول کیا جس کے بعد کیس کی مزید کارروائی کی ضرورت نہیں پڑی۔