بھارتی ٹیم ایک چیلنج ضرور ہے لیکن ہم خوف زدہ نہیں، ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم

پاکستان ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کا کہنا ہے کہ بھارت ایک کمزور ٹیم نہیں ہے، انہیں ہرانا ایک چیلنج ضرور ہے لیکن خوف زدہ نہیں ہیں۔

لاہور میں ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے جاری ٹریننگ کیمپ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیڈ کوچ پاکستان ہاکی ٹیم سیگفرائیڈ ایکمین نے کہا کہ ایشیا کپ کے لیے بھارت نے کمزور ٹیم کا انتخاب نہیں کیا ،اس کے پاس چالیس کھلاڑیوں کا پول ہے جن کی وہ دو ٹیمیں بنا کر روزانہ میچز کھیلتے ہیں، اس لیے ان کے کھلاڑی برابر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک گروپ کو دوسرے میں شامل کر لیں تو انہیں فرق نہیں پڑتا، اب بھی ایک گروپ سے دوسرے گروپ میں شامل کر کے انہوں نے ٹیم بنائی ہے، اس لیے میں انہیں ایک کمزور ٹیم نہیں سمجھتا، ویسے بھی کوئی نیشنل ٹیم کمزور نہیں ہوتی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم بھارت کی کسی بھی ٹیم کو ہرا سکتے ہیں، ایشین چیمپئِنز ٹرافی میں ہم بھارت کو ہرانے کے بہت قریب تھے لیکن آخر میں ممکن نہ ہو سکا، بھارت کو ہرانا اور پھر ایشیا کپ میں ٹاپ فور میں آکر ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ایک چیلنج ہے۔

قومی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا مزید کہنا تھا کہ اس چیلنج سے خوف زدہ نہیں ہیں، ہم نے بھارت کو بھی ہرانا ہے اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔
سیگفرائیڈ ایکمین نے یہ بھی کہا کہ دورہ یورپ توقعات سے بڑھ کر رہا ہے، میں نے تو سوچا ہوا تھا کہ وہاں سارے میچز ہاریں گے کیونکہ 18 ویں نمبر کی ٹیم کا مقابلہ ٹاپ ٹیموں کے ساتھ تھا، ان کے پاس ہم سے زیادہ بہتر کھلاڑی ہیں، ان کے کیمپ ہائی پرفارمنس ہوتے ہیں، ہمارے لوکل میچز کا لیول بہت کم ہے۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد وہاں جیتنا نہیں تھا، وہاں سیکھنا تھا اور خود سے بہتر کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا تھا، دورہ یورپ کے سبق کو اب کیمپ میں سیکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔