ڈنمارک: اسکول کے پہلے دن طلباء کا ’راک اسٹارز‘ کی طرح استقبال

ڈنمارک کے ایک اسکول میں پہلے دن طلباء کا اس قدر شاندار استقبال کیا گیا کہ ناصرف طلباء بلکہ اُن کے والدین بھی خوشی سے جھوم اُٹھے۔

یہ ویڈیو کلپ اصل میں رواں ماہ کی شروعات میں ایک طالب علم کی ماں نے انسٹاگرام پر شیئر کی تھی لیکن اب حال ہی میں ٹوئٹر پر دوبارہ شیئر کیے جانے کے بعد اس ویڈیو نے ایک بار پھر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔

ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چند طلباء اسکول کے پہلے دن اپنے والدین کے ہمراہ بڑی ہی خوشی سے اسکول میں داخل ہورہے ہیں۔

وہیں اسکول کے پُرانے طالب علموں کی جانب سے بینڈ باجا کر نئے طلباء کا ایسے استقبال کیا جارہا ہے کہ جیسے وہ راک اسٹارز ہوں۔

اسکول کے پہلے دن یوں شاندار استقبال دیکھ کر بچے اور اُن کے والدین خوب خوش ہوئے اور ان مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں قید کرلیا جو کہ اب سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہے ہیں۔

وائرل ہونے والی ویڈیو کو سوشل میڈیا پر خوب مقبولیت مل رہی ہے اور ساتھ ہی اسکول کے پُرانے طالب علموں کی تعریف بھی کی جارہی ہے۔