زندگی کا حقیقی احساس آزادی کی عظیم نعمت کے بغیر ادھورا ہے۔/ارشد تبسم

ریاض ( ناظم علی عطاری ) پاکستان عوامی تحریک گلف ریجن کے رہنما ارشد تبسم نے 75 ویں یوم جشن آزادی پاکستان کے موقع پر پاکستانی قوم اور ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ
پاکستان کی تحریکِ آزادی ایک پُر امن سیاسی و جمہوری جدوجہد تھی ، قائداعظم کی زیرِ قیادت ہمارے آباؤ اجداد نے آنے والی نسلوں کی خاطر سامراج کی زنجیریں توڑیں تھیں تاکہ آئندہ نسلوں کو جبر ، مذہبی امتیاز اور ہر طرح کی زیادتیوں سے محفوظ رکھا جائے۔قیام پاکستان قائد اعظم کے سیاسی تدبیر اور ان کے پہاڑ جیسے عزم کا زندہ معجزہ ہے ارشد تبسم نے کہا قائد نے قوم بتایا کہ پیغام اتحاد ، یقین اور نظم و ضبط ہمارے عوام کے لیے اقوام عالم میں اپنے صحیح مقام کے حصول کے سفر کا ایک منظم اصول ہے پاکستان عوامی تحریک وطن عزیز کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لیے آئین و جمہوری اصولوں کی پیروی کریگی۔
ارشد تبسم نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ انسانی وقار کا احترام اور انسانی ذات کی ترقی کی ضمانت جمہوریت کے علاوہ اور کوئی نظام نہیں دیتا، ہماری قوم کے نوجوان متحرک اور آزادی کی اہمیت و افادیت سے بخوبی واقف ہیں، پاکستانی قوم اپنی آزادی کا تحفظ کرنا جانتی ہے، جسے یہ عزم تحریکِ آزادی سے وراثت میں ملا ہے۔
ارشد تبسم نے مزید کہا کہ 75 ویں یوم آزادی پر قوم کو پیغام میں کہا کہ پاکستان کو تاحال اپنے بانی قائداعظم کے عین وژن کے مطابق کھڑا ہونے کے لیے مزید تگ ودو کی سخت ضرورت ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش مسائل کا حل آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور جمہوریت کو تسلیم کرنے اور ان کی پامالی کے خاتمے میں ہے، جب تک قانون کے سامنے سب برابر نہیں ہوں گے، ملک اندرونی و بیرونی بحرانوں کا شکار رہے گا۔
پاکستان کی بقا سلامتی اور خوشحالی کا ضمان صرف اسلام ہے، ہمیں وہ عہد و پیمان پورا کرنے کے لیے نئے عزم کے ساتھ اٹھنا ہوگا جو قیام پاکستان کے وقت ہم نے اپنے اللہ سے کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ جب تک قوم اپنے اس عہد کو پورا نہیں کرتی ملک ترقی و خوشحالی کی منزل کو حاصل کرسکتا ہے نہ قومی وقار اور ملکی خودمختاری کی بحالی اور حقیقی آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے۔
زندگی کا حقیقی احساس آزادی کی عظیم نعمت کے بغیر ادھورا ہے۔
آزاد وطن ہمارے اسلاف کی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، محصور کشمیری اور بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں پر ہونے والا ظلم و جبر قائداعظم کے دو قومی نظریے کی سچائی پر مہر تصدیق ثبت کررہا ہےآج کے دن ہم ایک ایسے پاکستان کا عہد کریں جو پُر امن ترقی پسند اور روادار ہو۔
آج کے دن ہم اپنے ماضی کی تابناک تاریخ پر ہی فخر نہیں کر رہے بلکہ آج بحیثیت قوم ہم اپنے روشن مستقبل کا جشن منارہے ہیں