لڑکی نے بوسہ دینے کے بہانے مرد کی زبان کاٹ ڈالی


سکاٹ لینڈکے دارالحکومت ایڈنبرا میں ایک لڑکی نے سڑک پر لڑائی کے دوران ایک مرد کی زبان ہی دانتوں سے کاٹ ڈالی اور سڑک پر پھینک دی، جسے بحری بگلا اٹھا لے گیا۔ میل آن لائن کے مطابق متاثرہ شخص کا نام جیمز مکینزی بتایا گیا ہے جس کا 27سالہ بیتھنے ریان نامی لڑکی کے ساتھ لیتھ واک میں جھگڑا ہوا۔ پراسکیوٹر سوزان ڈکسن نے ایڈنبرا شیرف کورٹ میں بتایا کہ ملزمہ جھگڑے کے دوران جیمزکی طرف بڑھی اور اس کا گریبان


پکڑکر اپنی طرف کھینچا اور اس کے ہونٹوں پر بوسہ دینے لگی۔ا س دوران اس نے جیمز کی زبان کا ایک ٹکڑا چباڈالا اور سڑک پر پھینک دیا جو قریب موجود بگلا لے اڑا۔ یہ ٹکڑا 2سے 3سینٹی میٹر کا تھا۔ ملزمہ یہ حرکت کرنے کے بعد وہاں سے چلی گئی جبکہ جیمز کو فوری طور پر ہسپتال پہنچایا گیا۔ اس کے منہ سے مسلسل خون بہہ رہا تھا۔ ڈاکٹر اس کی سرجری بھی نہیں کر سکے کیونکہ اس کی زبان کا ٹکرا دوبار اس کے ساتھ جوڑنے لیے دستیاب ہی نہیں تھا کیونکہ وہ تو پرندہ لے گیا تھا۔
عدالت میں لڑکی یہ ثابت ہونے پر قید کی سزا سے بچ گئی کہ اس نے یہ حرکت نشے کے زیراثر کی تھی۔ عدالت کی طرف سے گزشتہ روز اسے 2سال تک سوشل ورک ڈیپارٹمنٹ کی زیرنگرانی رکھنے کا حکم سنا کر کیس نمٹا دیا گیا ہے۔ عدالت کی طرف سے یہ بھی حکم دیا گیا کہ جب ضروری ہو، لڑکی ڈرگ ٹریٹمنٹ سیشنز میں بھی شرکت کرے گی۔

https://dailyausaf.com/europe/news-202104-96995.html