جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز اب 8 اپریل کو ہوں گے

کراچی(سید محمد عسکری) جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کے عہدے کیلئے امیدواروں کے انٹرویوز اب 8 اپریل کو ہوں گے، اس بات کا فیصلہ بدھ کو تلاش کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت ڈاکٹر عبدالقدیر راجپوت نے کی، اجلاس میں یونیورسٹی بورڈز و جامعات کے ڈائریکٹر لیگل مدثر خان کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا تھا۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ ڈاکٹر عمر فاروق اور ڈاکٹر گلشن میمن سمیت تمام 17 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلایا جائے گا۔ اجلاس میں شریک ایک رکن نے بتایا کہ اگر اشتہار کے مطابق امیدواروں کی دستاویزات کی حقیقی بنیادوں پر جانچ کی جاتی تو امیدواروں کی تعداد 10 سے بھی کم رہ جاتی چنانچہ مزید عدالتی کارروائی سے بچنے کیلئے تمام 17 امیدواروں کو بلانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بعض امیدواروں کو مکمل دستاویزات جمع کرانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ جن 17 امیدواروں کو انٹرویو کیلئے بلایا جائے گا ان میں ڈائو یونیورسٹی کے سابق پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عمر فاروق، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی کے قائم مقام وی سی گلشن علی میمن، ڈاکٹر نوشاد اے شیخ، ڈاکٹر امجد سراج میمن، ڈاکٹر شاہد رسول، ڈاکٹر نرگس انجم، ڈاکٹر خاور سعید جمالی، ڈاکٹر لبنیٰ بیگ، ڈاکٹر سید حسن مہدی، ڈاکٹر قمرالدین بلوچ، ڈاکٹر محمد اقبال آفریدی، ڈاکٹر انیلہ عطا الرحمان، ڈاکٹر خواجہ مصطفی قادری، ڈاکٹر سید جمال رضا، ڈاکٹر سید محمود حیدر اور ڈاکٹر عبدالرزاق شیخ شامل ہیں- ادھر جنگ کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ ڈاؤ میڈیکل یونیورسٹی میں ڈاکٹر سعید قریشی کی دوسری مدت کا معاملہ جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر کی تقرری سے مشروط کردیا گیا ہے جیسے ہی مطلوبہ شخصیت کو جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کو وائس چانسلر مقرر کیا جائے گا ڈاکٹر سعید قریشی کی دوسری مدت کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جائے گا۔ ورنہ ڈائو یونیورسٹی کے وی سی کیلئے نیا اشتہار دیا جائے گا۔ ڈاکٹر سعید کی تقرری کے نوٹیفکیشن کے اجراء کو محکمہ بورڈ و جامعات نے ایک اعلی حکومتی شخصیت کی ہدایت پر روک رکھا ہے حالانکہ وزیر اعلی سندھ ڈیڑھ ماہ قبل ڈاکٹر سعید قریشی کی بطور وی سی ڈائو یونیورسٹی دوسری مدت کی منظوری دے چکے ہیں ۔