کسی بھی سطح پر مہنگائی کو روکنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں

سنیئر سیاست داں اور مسلم لیگ کے سابق سیکریٹری جنرل سید ضیاء عباس نے حکومت کی جانب سے پیش کئے گئے منی بجٹ کو عوم کے ساتھ ناانصافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اپنی معاشی پالیسی میں ناکامی کو چھپانے کے لئے ہر روز نت نئے ٹیکس لگا کر سار ا بوجھ غریب طبقے پر ڈال دیتی ہے، کسی بھی سطح پر مہنگائی کو روکنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، گرانی سے عوام پریشان ہوچکے ہیں، ایک جانب پیٹرول مصنوعات میں اضافہ تو دوسری جانب کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں گیس کی قلت، بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے انہیں مزید پریشان کیا جارہا ہے، چینی کے بحران کے بعد اب پیٹرولیم بحران کے خلاف انکوائری کی جارہی ہے مگر کسی بھی تحقیقات کا آج تک کوئی نتیجہ سامنے آیا اور نہ کسی کے خلاف کوئی ایکشن لیا گیا، موجودہ حکومت صرف الزام تراشی اور انکوائری پر چل رہی ہے مگر عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل رہا ہے جس سے نہ صرف سیاسی حالات بلکہ ملک کی تاجر برادری بھی مشکلات سے دوچار ہے، معاشی حالات دن بدن خراب اور بد سے بد تر ہوتے جارہے ہیں، ملک غیر ملکی قرضوں کے بوجھ تلے دبتا جارہا ہے۔