سربراہ پاک بحریہ کا پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ کا دورہ۔

سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے آج پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ فیصل کا دورہ کیا۔ معزز مہمان کی آمد پر ائیر وائس مارشل ذوالفقار احمد، صدر ائیر وار کالج انسٹیٹیوٹ نے ان کا استقبال کیا۔ کالج کو باضابطہ طور پر صدر پاکستان کی جانب سے 20 جنوری،2021 کو ایک آزاد ڈگری ایوارڈنگ انسٹیٹیوٹ کا درجہ ملنے پر سربراہ پاک بحریہ نے AWCI Team کو اعلی درجے کے تعلیمی معیار کے حصول پر مبارکباد دی۔

ایئر وار کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ہمیں دنیا میں ابھرتے ہوئے رحجانات کا جائزہ لینا چاہئے اور آج کی دنیا کو درپیش پیچیدہ اور متحرک سیکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دورحاضر میں مشترکہ فوجی آپریشنز ہی کامیابی کی اصل ضمانت ہیں کیونکہ آج کی جنگ میں کوئی بھی عسکری قوت تن تنہا کامیابی حاصل نہیں کرسکتی۔ بعد ازاں، نیول چیف نے ادارے میں زیر تعلیم غیر ملکی افسران سے بھی ملاقات کی۔

پی اے ایف ایئر وار کالج انسٹیٹیوٹ پاک فضائیہ کا ایک باوقار ادارہ ہے، جہاں پاکستانی مسلح افواج اور دوست ممالک کے افسران اہم کمانڈ اور اسٹاف تقرریوں کے لئے کورس کرتے ہیں۔ کورس کے دوران شرکاء کو سو سے زائد مضامین کے ماہرین کی آراء سے متعارف کروایا جاتا ہے جن میں سول اور ملٹری پروفیشنلز، ڈپلومیٹ، اسکالرز، وکلاء، صنعتکار، سائنسدان، اکنامسٹ اور میڈیا پرسنل قابل ذکر ہیں۔ بین الاقوامی اساتذہ اور اسٹریٹیجسٹس کے ساتھ خصوصی بات چیت بھی اس کورس کا ایک اہم پہلو ہے۔