: سندھ حکومت سیاحت کے فروغ کےلیے نجی کمپنیوں سے مکمل تعاون کرےگی‘ سردار شاہ—

سندھ حکومت سیاحت کے فروغ کےلیے نجی کمپنیوں سے مکمل تعاون کرےگی‘ سردار شاہ وزیر ثقافت‘ سیاحت و نوادرات سے ”اسکائی ونگز“ کے سی ای او عاصم نواز اور ڈائریکٹر عمران اسلم ودیگر کی ملاقات کراچی (اسٹاف ر پورٹر)وزیر ثقافت، سیاحت اور نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں سیاحت کے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور سندھ حکومت سیاحت کے فروغ کے لیے نجی شعبے کی طرف سے کی گئی سرمایہ کاری کو کھلے دل سے خوش آمدید کہتی ہے اور نجی شعبے کو اپنی ہر ممکن سپورٹ کی یقین دہانی کراتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفیس میں نجی سیاحتی کمپنی ”اسکائی ونگز“ کے سی ای او عاصم نواز اور ڈائریکٹر عمران اسلم سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکریٹری ثقافت غلام اکبر لغاری، ڈی جی ثقافت عبدالعلیم لاشاری اور ڈی جی اینٹی کوئٹیز منظور احمد کناسرو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر عمران اسلم نے وزیر ثقافت سردار شاہ کو بتایا کہ اسکائی ونگز نے حال ہی میں کراچی سے موھین جو دڑو نجی فلائٹ کا آغاز کیا ہے جس کا بنیادی مقصد سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمپنی کی طرف سے پہلی بار کراچی سے موھین جو دڑو تک سیاحتی ٹرپ میں نجی فلائٹ کا تجربہ کامیاب رہا۔ اس موقع پر وزیر ثقافت، سیاحت اور نوادرات سید سردار علی شاہ نے کہا کہ وہ انہیں سیاحت کے شعبے میں ویلکم کرتے ہیں اور سندھ کی سیاحت کو فروغ دلانے کے لیے ان کی طرف سے شروع کی گئی فلائٹ آپریشنز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے محکمہ سیاحت کے پلیٹ فارم سے صوبے میں سیاحت کے فروغ کے لیے نجی شعبے کو مسلسل گزارشات کی ہیں اور 3سال سے ٹوئرزم ایکسپو منعقد کیے گئے جس کے اب مثبت نتائج آنے شروع ہوگئے ہیں اور اب نجی شعبہ سندھ میں سیاحتی فروغ کے لیے سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایس ٹی ڈی سی کی طرف سے صوبے کی تمام سائٹس پر کم از کم بنیادی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں اور بیشتر سیاحتی مقامات پر محکمے کے رزارٹس اور موٹیلز بھی تعمیر کیے گئے ہیں اور محکمے کے ویب پورٹل کے ذریعے ان رزارٹس میں 24 گھنٹے آن لائین بکنگ کی جاسکتی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ موھین جو دڑو کی کھدائی کو100 برس مکمل ہوئے ہیں اور محکمہ اس سال 100سالہ جشن منا رہا ہے اور اس حوالے سے مختلف پروگرامز منعقد کیے جا رہے ہیں۔سردار شاہ نے بتایا کہ موھین جو دڑو کی سائٹ پر سیاحوں کی دلچسپی و آگاہی کے لیے ایس ایم ڈی کے ذریعے معلوماتی ڈاکیومینٹریز چلائی جاتی ہیں اور اس کے علاوہ بھی محکمہ نوادرات کی طرف سے نئی اسکیم بنائی جائے گی جس میں ہیریٹیج ولیج قائم کرکے 5 ہزار سال پہلے والی موھین جو دڑو کی طرز زندگی اور سندھی ثقافت کی عکاسی کی جائے گی۔سردار شاہ نے ڈائریکٹر جنرل اینٹی کوئٹیز منظور احمد کناسرو کو ہدایات دیں کہ موھین جو دڑو سمیت تمام سائٹس پر موبائیل ہیڈسیٹ اور آڈیو گائیڈیڈ ٹوئرزم ڈوائیسز کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔ سردار شاہ نے اسکائی ونگز کے وفد کو کہا کہ موھین جو دڑو کے علاوہ تھر اور ننگرپارکر میں بھی نجی فلائٹ کا پلان بنائیں، ہم مکمل سپورٹ کریںگے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر سیاحت ملٹی بلین ڈالرز انڈسٹری ہے، سندھ میں بھی سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں، نجی شعبہ سیاحت میں سرمایہ کاری کے لیے آگے آئے ،سندھ حکومت بالخصوص محکمہ سیاحت بھرپور تعاون کرے گا۔ملاقات کے اختتام پر وزیر ثقافت سید سردار علی شاہ نے مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے۔
کیپشن وزیر ثقافت‘ سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ کا سیاحتی کمپنی ”اسکائی ونگز“ کے سی ای او عاصم نواز ‘ ڈائریکٹر عمران اسلم ودیگر کےساتھ گروپ فوٹو
کیپشن وزیر ثقافت‘ سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ سے سیاحتی کمپنی ”اسکائی ونگز“ کے سی ای او عاصم نواز ‘ ڈائریکٹر عمران اسلم ودیگر ملاقات کر ر ہے ہیں