وفاق نے روشن شیخ کا تبادلہ بلوچستان کردیا آئندہ دو سال تک سندھ میں پوسٹنگ نہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری

وفاقی حکومت نے گریڈ 20 کے افسر روشن علی شیخ کا تبادلہ سندھ سے بلوچستان کر دیا ہے ان کا تعلق پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گروپ سے ہے فوری طور پر ان کی خدمات صوبائی حکومت بلوچستان کے سپرد کی گئی ہیں اسلام آباد سے کیبنٹ سیکرٹریٹ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی ڈپٹی سیکرٹری مریم کیانی کے دستخط سے جاری ہونے والے نوٹیفیکشن کے مطابق روشن علی شیخ کو روٹیشن پالیسی 2020 کے تحت سندھ کی جغرافیائی حدود سے باہر تعینات کرنے کا فیصلہ ہوا ہے اور آئندہ دو سال تک وہ سندھ کی جغرافیائی حدود سے باہر ڈیوٹی دیں گے ۔


روشن شیخ کا شمار سندھ میں اہم عہدوں پر فرائض انجام دینے والے سینئر اور تجربہ کار افسران میں ہوتا ہے وہ بطور سیکرٹری بلدیات اور کمشنر کراچی کی حیثیت سے بھی انجام دے چکے ہیں ماضی میں ان کے خلاف مقدمات بھی بنے اور ان کی گرفتاری بھی عمل میں آئی لیکن ان پر لگائے جانے والے الزامات کسی قانونی عدالت میں ثابت نہیں کیا جا سکے ۔ذرائع کے مطابق ان کے سیاسی اختلافات میں نشیب و فراز آتا ہے وہ مختلف پوزیشنوں پر اپنے موقف پر ڈٹے رہے جس کی وجہ سے انہیں کافی نقصان کا اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا ۔ذرائع کے مطابق ایک مخصوص مضبوط اور طاقتور لابی بھی ان کے خلاف سرگرم ہے ۔