پی آئی اے پائلٹ نے فضا میں مشکوک اڑن طشتری دیکھی

پی آئی اے کے پائلٹ نے ملتان اور ساہیوال کے درمیان فضا میں محو پرواز مشکوک اڑن طشتری ( فو فائٹر ) کی ویڈیو وائرل کر دی ،پائلٹس کا دعویٰ ہے اڑن طشتری اتنی چمکدار تھی کہ اسے دن کی روشنی میں بھی آسانی سے دیکھا جاسکتا تھا، تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے پائلٹس نے بتایاکہ ہم نے اتوار کے روز فو فائٹر کو فضا میں دیکھا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق پی آئی اے طیارے کی 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کے دوران کیپٹن نے فضا میں طیارے کے مقابلے میں بے حد بلند اڑن طشتری دیکھی جو فضا میں ایک بے حد چمکدار ستارے کی صورت میں واضح نظر آئی۔

مذکورہ اڑن طشتری اتنی چمکدار تھی کہ اسے دن کی روشنی میں بھی آسانی سے دیکھا جاسکتا تھا۔ کیپٹن کے مطابق مذکورہ ناقابلِ شناخت اڑن طشتری کے چاروں طرف ایک دھاتی خول تھا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے اس بارے بتایا کہ 23 جنوری کو لاہور سے کراچی جانے والی پرواز کے پائلٹ نے آسمان پر کوئی مشکوک چیز دیکھی، کئی ہزار فٹ کی بلندی پر سفید چمک دار اور عجیب و غریب چیز کپتان کو غیر معمولی لگی۔ پہلے تو وہ سمجھے کہ یہ کوئی غبارہ ہے لیکن غور سے دیکھنے پر پتہ چلا کہ کوئی غبارہ نہیں تھا۔

کپتان نے اس کی ویڈیو بنالی تاہم حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ وہ اڑن طشتری ہی تھی یا کچھ اور چیز ۔ کپتان نے پی آئی اے حکام کو ویڈیو جمع کروا دی ہے جو اس کی مزید تفصیل جاننے کی کوشش کررہے ہیں

https://jang.com.pk/news/877908?_ga=2.165547003.53428819.1611806836-1522967042.1611806834