مسلم لیگ (ن) سندھ نے کھوکھر پیلس کے اطراف تعمیرات کو مسمار کرنے کو ریاستی دہشت گردی قرار ددے دیا

سلیکٹڈ،نااہل اور نالائق حکمران بغض نواز شریف میں اندھے ہوگئے ہیں ، کھوکھر برادران کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی سزا دی گئی ہے،شاہ محمدشاہ/مفتاح اسماعیل/خواجہ طارق نذیر


کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر سید شاہ محمد شاہ ،جنرل سیکریٹری ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور سیکریٹری اطلاعات خواجہ طارق نذیر نے کھوکھر پیلس کے اطراف تعمیرات کو مسمار کرنے کو ریاستی دہشت گردی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سلیکٹڈ،نااہل اور نالائق حکمران بغض نواز شریف میں اندھے ہوگئے ہیں ۔پیرکو جاری اپنے مذمتی بیان میں مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ کھوکھر برادران کو وفاداریاں تبدیل نہ کرنے کی سزا دی گئی ہے۔حکم امتناع کے باوجود انتقامی کارروائی توہین عدالت اور قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی نااہلی، نالائقی و کرپشن پر پردہ ڈالنے کے لئے اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ریاست مدینہ کے داعی نے اس سے پہلے غریبوں کے گھر مسمار کئے اور اپنا ناجائز محل ریگولرائز کروا لیا۔غریب کا پاکستان اور ، ریاست مدینہ کے داعی کا پاکستان اور ہے ۔مسلم لیگی رہنماؤں نے کہا کہ ظلم، جبر،ناانصافی اور اوچھے ہتھکنڈے کارکنوں کے حوصلوں کوپست نہیں کرسکتے ۔حکومت غربت، مہنگائی،بیروزگاری پر قابو پانے کے بجائے سرکس لگا کر عوام کی توجہ حقیقی مسائل سے ہٹانے کی ناکام کوشش کررہی ہے ۔