واٹربورڈ کے افسران سے ادارے کے ملازمین کی کالونیوں میں رہائش پذیر غیرقانونی افراد کے خلاف اب تک کی گئی کارروائی کی تحریری رپورٹ دو روز میں طلب

واٹربورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹراسداللہ خان نے واٹربورڈ کے افسران سے ادارے کے ملازمین کی کالونیوں میں رہائش پذیر غیرقانونی افراد کے خلاف اب تک کی گئی کارروائی کی تحریری رپورٹ دو روز میں طلب کرلی ہے،جبکہ کالونیوں میں رہائش پذیر غیرقانونی افراد سے سرکاری مکانات خالی کرانے کیلئے اقدامات تیز کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے ہیں،انہوں نے واٹربورڈ کے ایگزیکٹیوانجینئرز،ریذیڈنٹ انجینئرز اور کیمپ انچارجز کو ہدایات دی ہیں کہ فوری طورپراس ضمن میں معزز عدالت کے جاری احکامات پر ہر صورت من وعن عملدرآمد یقینی بنایا جائے،ترجمان واٹربورڈ کے مطابق


واٹربورڈ کے متعلقہ ایگزیکٹیوانجینئرز،ریذیڈنٹ انجینئرز اور کیمپ انچارجزکے منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ وزیربلدیات وچیئرمین واٹربورڈ کی ہدایات ہیں کہ واٹربورڈ کے شہر اور مضافات میں موجوداراضی کو قبضہ مافیا سے بچانے کیلئے مربوط اقدامات کیئے جائیں،کالونیوں میں رہائش پذیر غیرقانونی افراد سے مکانات خالی کرائے جائیں،کالونیوں اورتنصیبات کے اطراف تجاوزات کاخاتمہ کیا جائے،انہوں نے واٹربورڈکے تمام متعلقہ شعبہ جات کے سربراہوں کو ہدایات دیں کہ وہ اس سلسلے میں متعلقہ ایگزیکٹیوانجینئرز،ریذیڈنٹ انجینئرز اور کیمپ انچارجزسے تعاون کریں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مددحاصل کی جائے،انہوں نے کہا کہ واٹربورڈ کی اراضی پر قبضہ کرنے والے عناصر اور کالونیوں میں رہائش پذیر غیرقانونی افراد کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں،انہوں نے اجلاس میں موجود ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن،چیف سیکورٹی آفیسر کو پابند کیا کہ وہ اس ضمن میں بھرپور کارروائی کریں،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا کہ متعلقہ ایگزیکٹیوانجینئرز،ریذیڈنٹ انجینئرز اور کیمپ انچارجزاس ضمن میں اب تک کی کارکردگی کی رپورٹ دو یوم کے اندر ایم ڈی سیکریٹریٹ میں جمع کرائیں،غیرقانونی قابضین کی مکمل فہرست تیار کی جائے نیز اگر اس سلسلے میں واٹربورڈ کا کوئی ملازم ملوث پایا جائے تو اس کے خلاف قواعد کے مطابق ادارہ جاتی وقانونی کارروائی بھی کی جائے اجلاس میں واٹربورڈ کے ڈائریکٹرایڈمنسٹریشن نسیم احمد، چیف سیکورٹی آفیسر ریٹائرڈ کرنل ضیاء زیدی،ایگزیکٹیوانجینئرز،سیدمحمد احسن،عمران عبداللہ،ایس ایم اعجاز، محمدسالم،اشرف قریشی،سہیل اطیب،واصف فاروقی،ایس ایم دلاور،ایاز تونیو، ایم مبین،بدرشیخ،محمد شاہ محمد مبین اور دیگرنے شرکت کی،انہوں نے ایم ڈی واٹربورڈ کو بتایا کہ ملازمین کی کالونیوں میں غیرقانونی رہائش پذیر افرادکے خلاف کارروائی جاری ہے جبکہ واٹربورڈ کی اراضی پر قبضۃ کرنے والوں کے خلاف مقدمات بھی درج کرائے جارہے ہیں۔