نیوزی لینڈ میں سنچری بنانے کی خواہش پوری نہ ہو سکی، اظہر علی

ٹیسٹ کرکٹر اظہر علی کا کہنا ہے کہ ابھی تک کیریئر میں نیوزی لینڈ میں سنچری نہیں بنا سکا، خواہش تھی کہ میں سنچری بناتا لیکن ایسا ممکن نہیں ہو سکا، ابھی میرے پاس ایک اننگز ہے لیکن آج پہلی اننگز میں سنچری اسکور کرنے کا میرے پاس ایک اچھا موقع تھا۔

‏ کرائسٹ چرچ ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم 297 رنز بنا کر پہلی اننگز میں آوٹ ہو گئی، سابق کپتان اظہر علی نے ایسے موقع پر جب وقفے وقفے سے وکٹیں گر رہی تھیں تو انہوں نے شاندار اننگز کھیلی، وہ سات رنز کے فرق سے اپنی سنچری مکمل نہ کر سکے ، ان کے 93 رنز میں 12 چوکے شامل تھے
اظہر علی کا کہنا ہے کہ سنچری تو نہ بنا سکا لیکن مشکل کنڈیشنز میں رنز بنانے سے اعتماد بڑھا ہے جبکہ پارٹنر شپ بھی لگیں، محمد رضوان کے ساتھ جو پارٹنر شپ لگی اس سے ٹیم کو استحکام ملا ہے۔

‏ اظہر علی نے کہا کہ ٹاس ہارنے کے باوجود ہم نے اچھی بیٹنگ کی ہے، کنڈیشنز آسان نہیں تھیں لیکن اسکور بورڈ پر رنز لگے ہو ئے ہیں، ہمارے پاس اس ٹیسٹ میچ میں اچھا موقع ہے
ان کا کہنا تھا کہ کنڈیشنز بولرز کے لیے سازگار ہیں، پہلے دن بھی گیند سیم کرتا رہا ہے، دوسرے دن شروع ہی سے اچھی بالنگ کر کے نیوزی لینڈ ٹیم کے لیے مشکلات پید ا کرنے کی کوشش کریں گے اور نیوزی لینڈ ٹیم کو جلد از جلد آؤٹ کرنے کی کوشش ہو گی۔

‏ اظہر علی نے کہا کہ پچھلے ٹیسٹ میچ کے مقابلے میں یہ پچ مختلف ہے، پہلے ٹیسٹ کی پِچ سلو تھی جبکہ اس پچ پر اگر وکٹیں گر رہی ہیں تو رنز بھی بن رہے ہیں، ہمارے لیے وکٹیں گرنے کے باوجود رنز بنانا مفید رہا ہے
اظہر علی کی جانب سے ٹیسٹ ڈبیو کرنے والے ظفر گوہر کی بہت تعریف کی گئی ہے۔

اظہر علی نے کہا کہ کنڈیشنز بیٹنگ کے لیے آسان نہیں تھیں، ڈبیو کا بھی پریشر تھا لیکن ظفر گوہر عمدہ کھیلے، انہوں نے ثابت کیا ہے کہ وہ باصلاحیت اور پر اعتماد کرکٹر ہیں