12 جامعات میں 6 ارب 61 کروڑ کی کرپشن کا انکشاف

12 بڑی سرکاری جامعات میں 6 ارب 61 کروڑ روپے کی کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔

اس بات کا انکشاف اینٹی کرپشن پنجاب کی تحقیقاتی ٹیم کی جانب سے پنجاب کی 12 بڑی سرکاری جامعات میں کرپشن سے متعلق پیش کی گئی رپورٹ میں کیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب کے حکام کی پیش کی گئی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی 12 بڑی سرکاری جامعات میں 6 ارب 61 کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔


اینٹی کرپشن پنجاب نے کس طرح غلام سرور خان کو جعلی ڈگری کیس میں بچایا

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق وائس چانسلرز کی جانب سے سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا گیا، گزشتہ 10 سالوں میں 4 ہزار 554 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے تحقیقات کے لیے 4 رکنی جے آئی ٹی بنائی تھی، ڈی جی اینٹی کرپشن نے گورنر پنجاب کو کارروائی کے لیے مراسلہ بھی بھیج دیا ہے۔

اینٹی کرپشن حکام کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کی 12 بڑی جامعات میں بغیر اشتہارات بھرتیاں کی گئیں، یونیورسٹی ایکٹ، سروس لاء، ریکروٹمنٹ پالیسی کو نظر انداز کیا گیا، گریڈ 1 سے گریڈ 16 تک 3 ہزار 138 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں جبکہ گریڈ 17 یا اس سے اوپر کی نشستوں پر 1 ہزار 416 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔

یہ بھی پڑھیے
نیب کرپشن کیس میں گرفتار سرگودھا یونیورسٹی کے پروفیسر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرگودھا یونیورسٹی1 ہزار 99 غیر قانونی بھرتیوں کے ساتھ سر فہرست رہی، پنجاب یونیورسٹی میں 689 غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں، بہاء الدین زکریا یونیورسٹی میں 789 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد میں 209 غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں۔

رپورٹ کے مطابق گورنمنٹ کالج، ویمن یونیورسٹی فیصل آباد میں 540 غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں، جی سی یونیورسٹی لاہور میں 136 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینمل سائینسز میں 310 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، یو ای ٹی لاہور میں 15 غیر قانونی بھرتیاں ہوئیں۔

اینٹی کرپشن جے آئی ٹی رپورٹ کے مطابق فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں 524 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، خواجہ فرید انجینئرنگ یونیورسٹی رحیم یار خان میں 98 بھرتیاں کی گئیں، جبکہ ویمن یونیورسٹی ملتان میں 784 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں۔

https://jang.com.pk/news/866107