کوہلی 12 سال بعد کلینڈر ایئر میں سنچری نہ بناسکے

بھارتی کرکٹ ٹیم کے کامیاب کپتان ویراٹ کوہلی 12 سال بعد کلینڈر ایئر میں کسی بھی فارمیٹ میں کوئی سنچری نہیں بناسکے۔

دورۂ آسٹریلیا میں کوہلی چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ کھیلنے کے بعد منگل کو ایڈیلیڈ سے وطن واپس روانہ ہوگئے ، انوشکا اور ویراٹ کے ہاں جنوری میں اپنے پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔
کوہلی کے شاندار کیرئیر میں 12 سال کے طویل عرصہ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ان کے بلے سے کوئی سنچری نہیں بنی ۔

بھارتی کپتان کوہلی نے اپنے ون ڈے کیرئیر کی شروعات 2008 ء میں کی تھی اور اس سال انہوں نے پانچ ون ڈے کھیلے تھے لیکن کوئی سنچری نہیں بناسکے تھے جس کے بعد سے کوہلی ہر سال سنچری بناتے آئے ہیں
رواں سال 2020 ء میں ویراٹ کوہلی ون ڈے یا ٹیسٹ فارمیٹ میں کوئی سنچری نہیں بناسکے ، عالمی وباء کورونا وائرس سے متاثر سال 2020 ء میں کوہلی نے 9 ون ڈے کھیل کر 431 رن بنائے ، ان کا سال کا بہترین اسکور 89 رنز رہا ہے
واضح رہے کہ ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے پہلے ڈےنائٹ ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا کو آسٹریلیا کے ہاتھوں عبرت ناک شکست کا منہ دیکھنا پڑا، میچ کی دوسری اننگز میں بوری بھارتی ٹیم اپنی تاریخ کے سب سے کم ترین اسکور 36 رن پر ڈھیر ہوگئی تھی۔

کوہلی کی عدم موجودگی میں سیریز کے بقیہ 3 ٹیسٹ میچوں میں اجنکیا رہانے ٹیم کی قیادت کریں گے، سیریز کا دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبورن میں شروع ہونا ہے۔