گلگت بلتستان اسمبلی کے انتخابات کیلئے ووٹنگ

کورونا وائرس کے خطرات کے درمیان گلگت بلتستان میں سب سے ہنگامہ خیز انتخابات کے لیے ووٹنگ کا آغاز ہوگیا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان اسمبلی کی 24 عام نشستوں کے لیے 4 خواتین سمیت 330 امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

اس مرتبہ کے انتخابات کو اس لیے بھی خاصی اہمیت حاصل ہے کہ اس کے لیے اپوزیشن کی 2 جماعتوں نے جارحانہ مہم چلائی اور مذکورہ انتخابات پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ ساتھ اپوزیشن رہنماؤں بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کے لیے بھی ٹیسٹ کیس ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم، گلگت بلتستان انتخابات میں فتح کیلئے پُراعتماد

انتخابی مہم کے دوران سیاسی درجہ حرارت نقطہ عروج کو چھونے لگا تھا، 3 بڑی سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے خطے کے مختلف علاقوں میں عوامی جلسوں کا انعقاد کیا اور گلگت بلتستان الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ 100 نوٹسز کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ بیانات دیے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جو گلگت بلتستان میں 4 ہفتوں سے قیام پذیر ہیں اپنی جماعت کی انتخابی مہم کی سربراہی کررہے تھے