وزیر اعلیٰ کی طرف سے قواعد میں نرمی کرکے جی او آر میں رہائشگاہ الاٹ کرنے کی معلومات پبلک نہ کرنے پر انفارمیشن کمیشن نے ڈپٹی سیکرٹری (ویلفیئر)کو طلب کرلیا

لاہور (آصف محمود سے) پنجاب انفارمیشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کی طرف سے قواعد میں نرمی لاتے ہوئے جی او آر میں رہائشگاہ الاٹ کرنے کے حوالے سے معلومات پبلک نہ کرنے پر ڈپٹی سیکرٹری (ویلفیئر) ایس اینڈ جی اے ڈی کو 16 نومبر کو طلب کرلیا ہے۔ کمیشن کی طرف سے یہ احکامات رشید احمد ملہی ایڈووکیٹ بنام ایس اینڈ جی اے ڈی کیس میں جاری کئے ہیں۔ رشید احمد ملہی نے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 کے تحت انفارمیشن کمیشن کو شکایت میں بتایا کہ انہوں نے جی او آر 2 لاہور میں ہائوس نمبر ون سی کی الاٹمنٹ کے حوالے سے قوانین، دستاویزات، نوٹ شیٹ اور کس پالیسی کے تحت وزیر اعلیٰ کی طرف مذکورہ گھر الاٹ کیا گیا کی مصدقہ نقول مانگی تھیں جو فراہمی نہیں کی گئیں۔ ایس اینڈ جی ا ے ڈی نے درخواست دہندہ کو بتایا کہ جن معلومات سے نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہو وہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت فراہم نہیں کی جا سکتیں۔ کمیشن کی طرف سے نوٹس جاری ہونے پر ڈپٹی

سیکرٹری ویلفیئر نے پیشی کے دوران بتایا کہ ہائوس نمبر ون سی جی او آر 2 کا نوٹنگ والا حصہ محکمہ کےخفیہ کاغذات ہیں۔ پنجاب حکومت کے رولز آف بزنس 2011 کے سیکشن 11 اور حکومت کی طرف سے جاری ہدایت ’’مینوئل آف سیکرٹریٹ انسٹرکشنز پیپرز‘‘ کے قانون 5.20 میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹریٹ میں موصول ہونے والی دستاویزات خفیہ ہوتی ہیں جو کسی بھی غیر متعلقہ شخص کے سامنے فاش نہیں کی جاسکتیں اور نہ ہی ان پر بات ہو سکتی ہے