معروف شاعر شکیل وحید انتقال کرگئے

شکیل وحید کو دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا
نمازجنازہ نارتھ ناظم آباد فاروق اعظم مسجد میں ادا کی گئی
نمازجنازہ میں شاعروں،ادیبوں اورقریبی رشتہ داروں نے شرکت کی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) معروف شاعر اور سابق بینکار شکیل محمد خان (عرف شکیل وحید) گزشتہ روز انتقال کرگئے۔ شکیل وحید کو گزشتہ ہفتے دل کا دورہ پڑا جس کے بعد وہ ٹپا اسپتال میں زیر علاج تھے۔ مرحوم کی نمازجنازہ نارتھ ناظم آباد فاروق اعظم مسجد میں ادا کی گئی۔ نمازجنازہ میں شاعروں، ادیبوں، قریبی رشتہ داروں نے شرکت کی۔ مرحوم کو شاہ محمد قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ شکیل وحید کے انتقال پر حلقہ ارباب ذوق کراچی اور دیگر ادیبوں نے گہرے رنج وغم اور افسوس کا اظہار کیا۔۔ ادیبوں نے کہا کہ شکیل وحید کے انتقال سے اردو شاعری کا نقصان ہوا، وہ بہترین تخلیق کار مگر کم گو تھے۔ وہ رواداری، متانت اور سنجیدگی کا پیکر تھے۔ شکیل وحید نہایت ملنسار اور نستعلیق انسان تھے۔ وہ دھیمے لہجے کے پروقار انسان تھے۔۔ شاعروں اور ادیبوں نے مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی۔