ریڈ لائن بی آر ٹی حکومت سندھ کا اہم پراجیکٹ ہے

5 مئی 2024

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ، ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی حکومت سندھ کا اہم پراجیکٹ ہے، بی آر ٹی منصوبے سے متعلق مسائل حل کر دیئے گئے ہیں جو تھوڑے بہت مسائل ہیں وہ بھی جلد حل کئے جائیں گے، بی آر ٹی منصوبے پر تین شفٹوں میں کام کیا جائے گا، ہماری ترجیح ہے کہ عوام کو ریلیف دیں، ریڈ لائن بی آر ٹی بائیو گیس پر چلنے والی پاکستان کی پہلی بس سروس ہوگی۔

ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کے دورے کے موقعے پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام 2022 میں کام شروع ہوا، مہنگائی کے باعث نگران دور حکومت میں پروجیکٹ پر کام روک دیا گیا تھا اور نگران دور حکومت نے پروجیکٹ کے سلسلے میں آنکھیں موند لیں تھیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر شہر کی بہت بڑی ضرورت ہے، عوام کے مسائل کو حل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے، سندھ حکومت سنجیدگی سے تمام منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جناح ایونیو پر ریڈ لائن بی آر ٹی کا کام تین ماہ کے اندر مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بسوں کی لاگت کم ہوتی ہے انفرااسٹرکچر پر زیادہ لاگت آتی ہے، حکومت سندھ کی جانب سے ریڈ لائن بی آر ٹی پر ایک مرتبہ پھر کام شروع کروایا گیا ہے، امید ہے کہ یہ پروجیکٹ مقرر مدت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے یونیورسٹی کے طالب علموں کو درپیش پریشانیوں کا ہمیں اندازہ ہے، محکمہ ٹرانسپورٹ دن رات کام کر رہا ہے، آج چھٹی کے دن بھی کام جاتی ہے، ہم کتابی باتیں نہیں کرتے عملی طور ہر دن رات کام کر رہے ہیں، ہم سب نے ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، ہماری کوشش ہوگی کہ ایک سال کا کام 6 ماہ اور 6 ماہ کا کام 3 ماہ میں کریں گے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کچھ لوگ مایوسی کی باتیں پھیلاتے اور عوام کو مایوس کرتے ہیں، اور سوشل میڈیا پر منفی خبریں دے رہے ہیں، تاہم، پاکستان مزید کسی بھی ایڈونچر کا متحمل نہیں ہو سکتا، اب ہم مضبوط اور کامیاب قوم بن کر شہر، صوبہ ، ملک کو ترقی دیں گے، پاکستان اب صحیح راہ پر گامزن ہے اور ہمارا ملک ترقی کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی پر بھی کام شروع ہو چکا ہے، ورلڈ بینک کے تعاون سے بہت سارے منصوبے شہر میں چل رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نو مئی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین اور بدترین دن ہے،اس دن عوام کو جلائو گھیرائو کی ترغیب دے کر انتشار پھیلایا گیا، پی ٹی آئی نے 9 مئی کو عوام کو ورغلایا کہ سڑکوں پر آئیں اور املاک کو نقصان پہنچائیں، بسوں کو نذر آتش کیا گیا، ایمبولنسز کو آگ لگائی گئی، یہاں تک کہ جناح ہائوس جیسی جگہ کو بھی نہیں بخشا گیا۔

انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو دہشتگردانہ سرگرمیوں کا مظاہرہ کیا گیا، عوام سے کہنا چاہتا ہوں کہ جو بھی لیڈر جلائو گھیرائو کی ترغیب دے یا جو بھی جماعت اقتدار کی ہوس میں نوجوانوں کو گمراہ کرے اس کی بات نہیں سننی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نو مئی کو معصوم بچوں اور بہنوں کو عمران خان نے استعمال کیا، جن لوگوں کو عمران خان نے نو مئی کو استعمال کیا وہ سارے جیلوں میں ہیں، جبکہ عمران خان کے اپنے بچے لندن میں ٹھنڈی ہواؤں میں گھوم رہے ہیں، جو حشر نو مئی کرنے والوں کا ہوا، اسلام آباد پر حملے کی دھمکیوں والا کا بھی وہی حشر ہوگا۔

ایک سوال کے جواب میں سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسوں میں کچھ اشوز آ رہے ہیں، جہاں بسیں چارج ہوتی ہیں وہاں لوڈ شیڈنگ کی جا رہی ہے، ہم نے کے الیکٹرک سے لوڈ شیڈنگ نہ کرنے کے سلسلے میں بات کی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ اگر پیپلز پارٹی آج وفاقی وزارتوں میں نہیں ہے اسکا مطلب یہ نہیں کہ پیپلز پارٹی جمہوری عمل میں کوئی رکاوٹ پیدا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کا حصہ بننے یا نہ بننے پر پیپلز پارٹی سی ای سی کے فیصلوں کی پابند ہے، ذمہ دار پارٹی کی حیثیت سے پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ کھڑی ہوگی، عوام و قوم کے مفاد اور ملکی ترقی کیلئے پیپلز پارٹی حکومت کے ساتھ ہوگی اور ملکی ترقی کے ہر فیصلے میں ہم وفاق کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریڈ لائن منصوبے کی لاگت پر کنٹریکٹر، کنسلٹنٹ اور ایشیائی ترقیاتی بینک مل کر نظر ثانی کر رہے ہیں، لاگت میں تبدیلی کنسلٹنٹ کی مرضی اور مشاورت سے ہوگی۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے ملیر کینٹ، موسمیات چورنگی، گلشن اقبال اور نمائش چورنگی پر جاری ریڈ لائن بی آر ٹی کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، حکام نے سینئر وزیر کو تعمیراتی کام کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔ سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے حکام کو تعمیراتی کام جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایات دیں۔

اس موقع پر سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ٹرانس کراچی کی قائم مقام سی ای او شمائلہ محسن، ٹرانس کراچی کے جی ایم پیر سجاد سرہندی اور دیگر بھی سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کے ہمراہ تھے۔