مسلم لیگ ن کے تمام اراکین قومی اسمبلی مستعفی ہونے کیلئے راضی ہوگئے

مسلم لیگ ن کے تمام اراکین قومی اسمبلی مستعفی ہونے کیلئے راضی ہوگئے، خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پارٹی قائد نواز شریف کی کال پر جماعت کے تمام 84 ایم این ایز اپنی اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہو جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ آصف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پارٹی کے تمام اراکین قومی اسمبلی کسی بھی وقت مستعفی ہونے کیلئے تیار ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی کال پر ن لیگ کے تمام 84 اراکین قومی اسمبلی استعفی دے دیں گے۔ جدوجہد نقطہ عروج پر پہنچے گی تو ن لیگ کے تمام اراکین قومی اسمبلی سے استعفیٰ دے دیں گے۔ پھر دیکھیں گے کہ ہمارے استعفوں کے بعد کون سینیٹ کا الیکشن کراتا ہے اور کونسا الیکٹورل کالج ہوگا جو سینیٹ کے الیکشن کروائے گا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ہمارے قائد نے جنگ کا اعلان کیا ہے۔

یہ جمہوریت کی جنگ ہے، ہم نے ہر دورمیں جمہوریت کیلئے نوازشریف کی قیادت میں جنگ لڑی ہے اور اب بھی اپنے قائد کیساتھ کھڑے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ہوئے ن لیگ کے اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت سے مذاکرات کا وقت ختم ہوگیا، اب عمران خان کے سسٹم کو نہیں چلنے دیں گے۔ موجودہ نظام حکومت کے زیرتحت سینیٹ انتخابات قبول نہیں ہوں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد کا بیانیہ ووٹ کو عزت دو سرفہرست ہوگا۔ جو پارلیمنٹیرینز اور پارٹی رہنماء بیانیہ کی

مخالفت کریں گے، انہیں پارٹی سے فارغ کردیا جائے گا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا کہ حکومت مخالف تحریک میں تیزی لانے کیلئے ارکان اسمبلی کارنرمیٹنگز کا انعقاد کریں گے۔اجلاس سے سابق وزیر اعظم نوازشریف نے پالیسی بیان جاری کیا، جس پر پارٹی رہنماؤں نے رضامندی کا اظہار کیا۔پارٹی کے مشاورتی اجلاس سے شاہد خاقان عباسی، خواجہ آصف ، رانا ثناء اللہ، مریم نواز، جاوید ہاشمی نے بھی خطاب کیا