گورنر سندھ نے مرواہ کے والد کو امدادی رقم کا چیک دیا

گورنر سندھ نے مرواہ کے والد کو امدادی رقم کا چیک دیا


کتنی بھی بڑی رقم انسانی جان کا نعم البدل نہیں، مرواہ کے قاتل گرفتار ہوچکے ہیں انہیں قرار واقعی سزا ملے گی۔ گورنر سندھ
کراچی ( اکتوبر 02)
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مرواہ کے والد کو 10 لاکھ روپے مالی مدد کا چیک دیا۔ اراکین صوبائی اسمبلی جمال صدیقی، عزیز جی جی اور ڈی آئی جی ایسٹ نعمان صدیقی بھی ا س موقع پر موجود تھے۔گورنر سندھ نے مرواہ کے والد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کتنی بھی بڑی رقم انسانی جان کا نعم البدل نہیں ہو سکتی ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ

اس مدد کا مقصدمرواہ کے خاندان کی مالی مشکلات کم کرنا ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس اندو ہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری پولیس کی بہترین کارکردگی کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ننھی مرواہ کے سانحہ پر ہم سب اب تک افسردہ ہیں۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اس طرح کے واقعات میں ملوث سفاک درندوں کو قرار واقعی سزا دی جائے گی۔

—————–

گورنر سندھ سے برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر کی ملاقات
کراچی ( اکتوبر 02)
گورنر سندھ عمران اسماعیل سے برطانیہ کے ڈپٹی ہائی کمشنر Mike Nithavrianakis نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات اور انہیں مزید مستحکم بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ برطانیہ کی تعمیر و ترقی میں پاکستان نژاد افراد کی کاوشوں انہیں درپیش مشکلات پر بھی بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے اقتصادی تعاون میں اضافہ اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر غور آئے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون پر برطانیہ کے مشکور ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ میں بہتری کے لئے بھی برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے بھرپور استعداد کا حامل شہر قائد آئیڈیل جگہ ہے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت شہر میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ملک کی معیشت میں بہتری کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہے ہیں۔

———-

گورنر سندھ نے ہجرت کالونی میں آتشزدگی سے متاثرہ عمارت کا رہائشیوں کی ملاقات
مستقل رہائش کی دستیابی تک متاثرہ افراد کو عارضی رہائش فراہم کی جائے گی، زخمیوں کے بہترین علاج معالجہ کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ گورنر سندھ
کراچی ( اکتوبر 02)
گورنر سندھ عمران اسماعیل سے ہجرت کالونی میں آتشزدگی سے متاثرہ افراد نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے روزمرہ اخراجات کے لئے انہیں ایک لاکھ روپے کی مالی مدد دی۔ گورنر سندھ نے متاثرہ خاندان کو یقین دلایا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی مشاورت سے متاثرہ عمارت کا سروے کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تعمیر و مرمت کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران متاثرہ افراد کو متبادل رہائش فراہم کریں گے اور جب تک ان کی مستقل رہائش کا بندوبست نہیں ہوجاتا عارضی رہائش کا کرایہ ہم ادا کریں گے۔ گورنر سندھ نے مزید کہا کہ سول اسپتال میں زیر علاج زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ایم این اے آفتاب صدیقی اور ایم پی اے خرم شیرزمان آپ کے ساتھ مسلسل رابطہ میں رہیں گے۔ متاثرہ خاندان نے کہا کہ گورنر سندھ کی جانب سے عمارت کے دورہ اور گورنر ہاﺅس میں مدعو کرنے پر مشکور ہیں۔ علاج معالجہ میں مدد اور مالی تعاون پر بھی گورنر سندھ کے شکر گزار ہیں ۔