پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے پنجاب کی یونیورسٹیز میں انسداد مذہبی منافرت مہم کے تحت یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینمل سائنسز میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویرقاسم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

لاہور ( جنرل رپورٹر ) پنجاب ہائیر ایجوکیشن کمیشن کی طرف سے پنجاب کی یونیورسٹیز میں انسداد مذہبی منافرت مہم کے تحت یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینمل سائنسز میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔جس میں ڈائریکٹر پی ایچ ای سی ڈاکٹر تنویرقاسم نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔وائس چانسلر ڈاکٹر رانا خالد یونس ،ڈاکٹر شہزاد مجددی ،ڈاکٹر انیلہ درانی ،ڈاکٹر حسین اظہر، ڈاکٹر اسد، ڈاکٹر سرور بھی سیمینار میں شریک تھے ۔ڈاکٹر تنویرقاسم نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام مسلمانوں کو مل کر توہین مذہب کے مواد کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی ۔اسلام ، پیغمبر اسلام اور اکابرین کے خلاف توہین آمیز رویہ اختیار کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ توہین مذہب قابل سزا جرم ہے تاہم توہین مذہب کے ناجائز مقدمات بھی قابل مذمت ہیں ۔اقلیتوں کو احترام اور تحفظ بھی فراہم کرنا ہوگا۔ امن اور بقائے باہمی کے مذاج کو عام کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر تنویرقاسم نے بتایا کہ پاکستان میں گستاخانہ مواد پھیلانے والے 4 لاکھ سے زائد سوشل میڈیا اکاؤنٹس بلاک ہوئے ہیں اور تین سو افراد گرفتار ہو چکے ہیں ۔ان میں ملحد عناصر بھی شامل ہیں جو نوجوانو ں میں الحاد کی تعلیم کے ذریعے انہیں اسلام سے دور کررہے ہیں ۔ اس کے خطرناک اثرات سے بچنے کے لیے پنجا ب ہائیر ایجوکیشن کمیشن نے جامعات میں آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی مسلمان کےلئے اپنے مذہب ، رسول پاک اور دیگر اکابرین کے بارے میں نازیبا کلمات برداشت کرنا ممکن نہیں۔ اسلام کے خلاف منفی رجحانات کی روک تھام کےلئے ہمیں اپنے رویوں پر بھی نظر ثانی کرنا ہوگی۔وائس چانسلر ڈاکٹر خالد یونس نے کہا کہ قانو ن توہین مذہب کے حوالے سے نوجوانوں میں شعور پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔پی ایچ ای سی کی طرف سے انسداد مذہبی منافرت مہم قابل تحسین ہے.
=======================
لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کےترجمان نے وضاحت دیتے ہوئے بتایا ہے کہ پیف پارٹنرز کو 3 ماہ سے پیمنٹ نہ ملنے والی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ پیف پارٹنرز کو فروری 2024 تک کی تمام ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ پیمنٹس کی فائلوں پر کام مکمل ہوچکا ہے۔پیف پارٹنرز کو اگلے ہفتے مارچ اور اپریل 2024 کی ادائیگیاں کر دی جائیں گی۔ حکومت پنجاب کی جانب سے فنڈز کی منظوری آخری مراحل میں ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ پیف انتظامیہ نے اپنے انتظامی اخراجات میں کمی کر کے پارٹنر سکولوں کی ادائیگیوں میں پچھلے ماہ 100 روپے ماہانہ اضافہ کیا ہے۔پیف پارٹنرز کو فروری 2024 کی ادائیگیاں نئے ریٹس کے مطابق کی گئیں ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پیف انتظامیہ کو پارٹنر سکولوں اور اساتذہ کا بخوبی احساس ہے۔پیمنٹس نہ ملنے والی خبروں میں کوئی سچائی نہیں ہے۔پیف پارٹنرز کو ائندہ ماہ سے بروقت ادائیگیاں کی جائیں گی۔
=================

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے فیصل آباد میں مصروف ترین دن گزارا۔ انہوں نے گورنمنٹ پاکستان ماڈل ہائی سکول کا دورہ کیا جہاں عمارت کے مختلف تاریخی حصوں کا مشاہدہ کیا اور تدریسی و انتظامی امور پر بریفنگ لی۔ کمشنر آفس میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کے علاؤہ ایجوکیشن اتھارٹی کے ذمہ داران اور مقامی ایم پی ایز و دیگر سیاسی شخصیات سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر تعلیم نے کہا کہ شعبہ تعلیم کی ترقی اولین ایجنڈا ہے جس کے لئے دوررس نتائج کے حامل اقدامات کررہے ہیں۔ انہوں نے ایجوکیشن افسران کو اپنی اپنی ذمہ داریوں کا ادراک کرنے اور سکولوں کے دورہ جات کو معمول بنانے کی ہدایت کی۔ قبل ازیں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارات کی تزئین و بحالی کے ساتھ ساتھ اس ورثے کو محفوظ کرنا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے تعلیمی ادارے بنانا چاہتے ہیں جس میں تمام طلباء بلا تفریق تعلیم حاصل کریں اور باہم رواداری کو فروغ ملے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ سکولوں میں اساتذہ کی بہت زیادہ کمی ہے گذشتہ چھ سال سے ایک بھی استاد بھرتی نہیں کیا گیا اور اب ہماری حکومت ترجیحی بنیادوں پر اساتذہ کی دستیابی کے لئے ہنگامی اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کا ویژن پڑھا لکھا اور معیاری تعلیم کا حامل پنجاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں ہراسمنٹ جیسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس ضمن میں شکایت سیل اور پورٹل بنایا جا رہا ہے جس میں ہراسمنٹ سے متعلق شکایات درج ہونگی اور ملوث عناصر کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔ میڈیا نمائندگان کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ جن سکولوں میں تاحال کتابیں دستیاب نہیں ہو سکیں وہاں کتابوں کی دستیابی یقینی بنانے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسی سال بوٹی مافیا کا خاتمہ کردیں گے تاکہ لائق طلباء وطالبات کو ان کا حق مل سکے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ میرٹ پر سی ای او ایجوکیشن لگانے کے لئے ٹیسٹ سسٹم متعارف کرایا جارہا ہے اور یہ عمل میرٹ کے اصولوں کی سخت پابندی کرتے ہوئے کیا جائے گا۔
================

لاہور(جنرل رپورٹر)لاہور بورڈ آف انٹرمیڈیٹ و سیکنڈری ایجوکیشن /ویسٹ پیپر (ردی ) ڈسپوزل خوردبرد/ انکوائری کا حکم جاری ردیاگیا۔لاہور بورڈ کی ردی کے ٹرکوں کے وزن میں خوردبرد/کمشنر لاہور وچیرپرسن کی ہدایت پر ٹیم کی اچانک چیکنگ۔کمشنر لاہور کی ہدایت پر اے سی سٹی لاہور کی کاروائی۔سگیاں وزن کنڈے پر اچانک چھاپہ مار گیا تولاہور بورڈ کے ویسٹ پیپر(ردی) کی ڈسپوزل کیلئے الاٹڈ وزن کنڈے سے کرائے گئے وزن میں کمی پکڑی گئی۔ردی کو ٹھکانے لگانے کیلئے بورڈ کمیٹی کے تحت دو افسران اپنی نگرانی میں وزن کرانے کے پابند ہیں۔تاہم اے سی سٹی کے پہنچنے سے قبل ردی سے بھرے ٹرکوں کا وزن ہوچکا تھا۔ دوبارہ وزن کرایا گیا۔وزن میں واضح کمی پکڑی گئی۔لاہور بورڈ ردی سے لدے ٹرکوں کے وزن میں مبینہ دانستہ کمی کے حوالے سے اے سی سٹی نے رپورٹ کمشنر لاہور کو پیش کردی جس پرکمشنر لاہور نے ایڈیشنل کمشنر کی ابتدائی جانچ پڑتال کے بعد سخت انکوائری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئےکنٹرولر امتحانات لاہور بورڈکو انکوائری کمیٹی کا سربراہ مقررکرتے ہوئے انکوائری جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔بتایاگیاہے کہ انکوائری کے نتیجے میں سامنے آنے والے تمام افراد کو معطل کردیا جائیگا۔بدعنوان اور سرکاری اموال میں خوردبرد میں ملوث عناصر کو کوئی چھوٹ نہیں دی جائے گی۔