وزیراعظم 2 روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ


وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دورے پر روانہ ہوگئے۔

اسلام آباد : 27 اپریل 2024

کرٹن ریزر -وزیراعظم کی عالمی اقتصادی فورم کے خصوصی اجلاس میں شرکت

وزیر اعظم محمد شہباز شریف عالمی اقتصادی فورم کے عالمی تعاون، ترقی اور توانائی کے حوالے سے خصوصی اجلاس میں شرکت کے لئے آج سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچیں گے۔

وزیراعظم کو عالمی اقتصادی فورم کے اس اجلاس میں شرکت کی دعوت سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیر اعظم عزت مآب محمد بن سلمان آل سعود اور عالمی اقتصادی فورم کے بانی اور چیف ایگزیکٹو کلائوس شویب کی جانب سے دی گئی ہے۔

وزیراعظم عالمی صحت ،فنانشل ٹیکنالوجیز ، انفارمیشن ٹیکنالوجی ، جامع ترقی، علاقائی تعاون، اور عالمی ترقی کے تناظر میں توانائی کے متوازن استعمال کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف دنیا کے سامنے رکھیں گے۔

عالمی اقتصادی فورم کے اس خصوصی اجلاس کی سائیڈ لائینز پر وزیراعظم کی اہم عالمی رہنماؤں، عالمی اداروں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے دو طرفہ ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

وفاقی کابینہ کے اہم اراکین وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہوں گے۔

وزیراعظم 28 سے 29 اپریل کو ریاض میں عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کریں گے، وہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں سرمایہ کاری اور ولی عہد کے دورہ پاکستان پر تبادلہ خیال ہوگا۔

وزیراعظم شہباز شریف کی سربراہ آئی ایم ایف کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات متوقع ہے۔

علاوہ ازیں سعودی قیادت، بین الاقوامی تنظیموں کے سربراہان اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقاتیں ہوں گی۔

وزیراعظم کے ہمراہ وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیر خزانہ محمد اورنگزیب بھی ہیں۔
======================

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سعودی عرب روانگی سے قبل کسانوں کے لئے بڑا قدم
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا سعودی عرب روانگی سے قبل کسانوں کے لئے بڑا قدم۔۔ کسانوں کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری کارروائی کا حکم دیا۔ وزیراعظم نے وفاقی حکومت کی طرف سے کسانوں سے گندم کی فوری خریداری کا حکم دیتے ہوئے گندم خریداری کا 1.4 ملین میٹرک ٹن کا ہدف بڑھا کر 1.8 ملین میٹرک ٹن کردیا۔ محمد شہباز شریف کی جانب سے پاسکو کو گندم خریداری کا ہدف بڑھانے اور فوری خریداری یقینی بنانے کے احکامات جاری کر دئیے گئے۔انہوں نے گندم کی خریداری کے حوالے سے پاسکو کو شفافیت اور کسانوں کی سہولت کو ترجیح دینے کی ہدایت کر دی۔ وزیراعظم نےکسانوں کی گندم خریداری سے متعلق مشکلات کو دیکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔
===============