جیکب آباد پولیس کا کچے کے علاقے سے مقابلے کے بعد مغوی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ۔

جیکب آباد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد پولیس کا کچے کے علاقے سے مقابلے کے بعد مغوی کو بازیاب کرانے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد پولیس کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی پولیس نے تھانہ کرمپور کندھکوٹ کے دودائتی کچے کے علاقے میں مغویوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کرکے ایک مغوی بابو پہوڑ کو مقابلے کے بعد بازیاب کرلیا ہے، ملزمان مغوی بابو پہوڑ کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کررہے تھے ایسی اطلاع پر پولیس نے کاروائی کی، پولیس کے مطابق اغواکار ڈاکو مغوی کو کچے کے علاقے میں چھوڑ کر فرار ہوگئے، ایس ایس پی جیکب آباد سید سلیم شاہ کا کہنا ہے کہ دیگر مغویوں کی بازیابی کے لیے علاقے کو سیل کرکے آپریشن جاری ہے اور اغوا کار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں تمام مغویوں کی بازیابی تک آپریشن جاری رہے گا۔

جیکب آبادد: رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد میں پولیس کا مقابلہ کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے سول لائن تھانہ کی پولیس نے بسم اللہ باغ کے قریب سے بلوچستان کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی ایک ملزم عمران علی منگی کو زخمی حالت میں گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے، پولیس کے مطابق بسم اللہ باغ کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا جس کے بعد ایک ڈاکو عمران علی منگی کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم موٹر سائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے جبکہ زخمی ملزم کے دیگر 3ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک بغیر لائسنس پستول برآمد کرلی گئی ہے، زخمی ملزم کو علاج کے لیے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
ملک میں بڑھتے ہوئے پولیو وائرس کے متعلق عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے ریلی نکالی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کے بڑھتے کیسز اور ڈیرہ بگٹی و چمن میں پولیو کیسز ظاہر ہونے پر عوام میں شعور پیدا کرنے کے لیے ایک ریلی شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، نیاز احمد ابڑو، ڈاکٹر ریاض احمد سومرو، ڈاکٹر اجیت کمار، ڈاکٹر دیپک کمار اور دیگر کی قیادت میں ایم سی ایچ سینٹر سے نکالی گئی ریلی کے شرکاء شہر کے مختلف راستوں پر مارچ کرتے ہوئے پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جس سے متاثر ہ انسان پوری زندگی معذور ہو جاتا ہے اس لئے 29 اپریل سے 5 مئی تک شروع ہونے والی پولیو مہم میں 5 سال تک کے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لیے پولیو کے دو قطرے لازمی پلائیں، انہوں نے کہا کہ اس مہم میں ہر بچے کو بار بار پولیو ڈراپس پلائیں جس سے مدافعتی نظام بہتر ہوتا ہے ورنہ اس مرض کا خطرہ رہتا ہے اس لیے معذوری سے بچنے کے لیے ہر مہم میں حصہ لیں۔

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔جے یو آئی کی جانب سے مغویوں کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمعیت علماء اسلام کی جانب سے جے یو آئی کے سالار ثناء اللہ سومرو، معصوم پریا کماری، معصوم نوید لاشاری، فضیلہ سرکی اور دیگر کی عدم بازیابی کے خلاف احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، مولانا غلام شبیر شیخ، ڈاکٹر عاشق حسین کھوسو کی قیادت میں محمدی مسجد کریم بخش سے نکالا گیا مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر ڈاکو راج نامنظور، مغویوں کو بازیاب کراؤ، عوام کو تحفظ دو کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے مختلف راستوں پر مارچ کیا اور خانپور چوک پر دھرنا دیا۔ اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں مغویوں کی بازیابی کے لیے حکومت کی جانب سے کئے گئے دعوے صرف دعوؤں تک محدود رہے مغوی آج بھی ڈاکوؤں کے قبضے میں ہیں، پولیس مغویوں کی بازیابی کے لیے مثبت قدم نہیں اٹھا رہی جس کی وجہ سے ڈاکو دن دھاڑے لوگوں کو اغوا کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ مغویوں کی بازیابی کے لیے ڈاکوؤں کے ساتھ علاقے کے سرداروں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ تمام مغویوں کو بازیاب کروایا جائے بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا۔