مستقبل کے معماروں کو مختلف جان لیوہ اور خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکے مفت لگوانے کے لیے مشترکہ طور پر کوششیں کی جا رہی ہیں

میرپورخاص رپورٹ تحسین احمدخان~
مستقبل کے معماروں کو مختلف جان لیوہ اور خطرناک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی ٹیکے مفت لگوانے کے لیے مشترکہ طور پر کوششیں کی جا رہی ہیں .ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر سونو خان چانڈیو نے سینٹ ٹریضہ (امریکن ہسپتال) میں عالمی حفاظتی ٹیکہ جات کے ہفتہ کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا . انہوں نے مزید کہا کہ بچے مستقبل کے معمار ہیں اس لیے انہیں بیماریوں سے محفوظ رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے . انہوں نے والدین ، میڈیا اور کمیونٹی سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ حفاظتی ٹیکہ جات کی مہم میں ہمارا ساتھ دیں تاکہ ہم اپنے مستقبل کے بچوں کو بیماریوں سے محفوظ رکھ سکیں . اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر جیرام داس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا میں 24 سے 30 اپریل تک عالمی حفاظتی ٹیکہ جات کا ہفتہ منایا جا رہا ہے جس کا مقصد ہم اپنے معصوم بچوں کو 12 مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے اپنے قریبی صحت مرکز جا کر مفت حفاظتی ٹیکے لگوا کر انہیں ہمیشہ کے لیے محفوظ کریں .انہوں نے مزید کہا حفاظتی ٹیکہ جات کے عالمی ہفتہ منانے کے سلسلے میں محکمہ صحت میرپورخاص کی جانب سے ضلع بھر کے تحصیلوں میں مختلف پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں جس میں آگاہی ریلیز ،سیمینار اور دیگر پروگرام ترتیب دئیے گئے ہیں علاوہ ازیں ہیلتھ ورکرز کمیونٹی سطح پر آگاہی دے رہی ہیں . بعد اذاں امریکن ہسپتال سے مین روڈ تک ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سونو خان چانڈیو کی قیادت میں آگاہی ریلی بھی نکالی گئی.اس موقع پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر اشوک ، ڈسٹرکٹ فوکل پرسن پولیو پروگرام ڈاکٹر نارائن داس ، ڈبلیو ایچ اوکے ڈاکٹر عالم آزاد ، ڈاکٹر واحد خاصخیلی، سماجی رہنما محمد بخش کپری، علی حسن نون، روٹری کلب کے ایڈوکیٹ عطیف میمن، ، کمیونٹی ہیلتھ ورکر، صحافی اور پیرا میڈیکل اسٹاف بڑی تعداد میں موجود تھے***