وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لئے چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو تعلیم دوست اقدام ہے جس کے تحت حکومت پنجاب نے طلباء و طالبات کی خود مختاری کے سلسلے میں بلا سود موٹر بائیکس کی فراہمی کے لئے 1 ارب روپے کی خطیر رقم بطور سبسڈی مختص ہے

صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے طلبہ و طالبات کے لئے چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو تعلیم دوست اقدام ہے جس کے تحت حکومت پنجاب نے طلباء و طالبات کی خود مختاری کے سلسلے میں بلا سود موٹر بائیکس کی فراہمی کے لئے 1 ارب روپے کی خطیر رقم بطور سبسڈی مختص ہے۔یہ بات انھوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور غلام محمد گھوٹوی ہال میں منعقدہ تقریب میں طلباء و طالبات کو چیف منسٹر یوتھ انیشیٹو کی اہمیت و افادیت سے آگہی کے متعلق ویبنار کے شرکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس فاروق قمر،سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی عروج فاطمہ، بینک آف پنجاب کے افسران،تعلیمی اداروں کے اساتذہ، افسران اور طلبہ و طالبات موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت طلبہ و طالبات کو اپنی ذاتی ماحول دوست ٹرانسپورٹ کا حصول ممکن ہوگا اور18 سال سے زائد عمر کے طلبہ جو ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ باقاعدہ ڈگری کالج و یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں موٹر سائیکل کے حصول کے اہل ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ایسے طلبہ و طالبات جو موٹرسائیکل لرنر پرمٹ یا لائسنس کے حامل ہیں وہ اس پروگرام کے تحت موٹر سائیکل حصول کے لیے درخواست جمع کراسکتے ہیں۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ہدایت کی کہ طلباء کی سہولت کے لئے ادارہ اور دیگر مقامات پر انفارمیشن ڈیسک قائم کیے جائیں۔صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر نے ویڈیو لنک کے ذریعہ طلباء کے سوالات کے جوابات دیئے۔سیکرٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماسٹرانزٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے ویبنار سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سٹوڈنٹس انیشیٹو کے تحت پہلے فیز میں صوبے کے مختلف اضلاع بہاولپور، ملتان، لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد کے طلبا و طالبات کو 19 ہزار پٹرول موٹر بائیکس اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔ انہوں نے طلباء کو اس پروگرام کی اہمیت اور تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ طلباء آن لائن bikes.punjab.gov.pkاپلائی کریں اور مزید معلومات و تفصیلات کے لیے 042-111-333-267 نمبر رابطہ کرسکتے ہیں۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نوید اختر نے ویڈیو لنک کے ذریعہ اظہار خیال کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء وزیر اعلیٰ پنجاب کے انیشیٹو سے بھر پور استفادہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی راہنمائی کے لئے سٹالز میں موٹر بائیکس رکھے گئے ہیں۔تقریب کے بعد روڈ شو کا اہتمام کیا گیا جس میں طلباء نے الیکٹرک بائیکس کی یونیورسٹی ایریا میں ٹیسٹ رائیڈ لی۔