وزیراعظم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے درمیان ملاقات


اسلام آباد: 22 اپریل 2024

وزیراعظم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر کے درمیان ملاقات

وزیراعظم محمد شہبازشریف اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے درمیان آج وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں دونوں اطراف کے وزراء اور اعلیٰ حکام موجود تھے۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کے دائرہ کار پر تبادلہء خیال کیا اور اہم علاقائی اور عالمی پیش رفت پر بات چیت کی ۔

پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات ، خاص طور پر تجارت، توانائی، روابط، ثقافت اور عوام سے عوام کے رابطوں کے شعبوں میں تعاون کو وسیع پیمانے پر بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے اگلے پانچ سالوں میں دو طرفہ تجارت کا حجم 10 ارب امریکی ڈالرز تک بڑھانے پر اتفاق کیا ۔

دونوں رہنماؤں نے دہشت گردی کے خطرے سمیت مشترکہ چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل تیار کرنے پر بھی اتفاق کیا۔

صدر رئیسی اور وزیر اعظم نے غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے سات ماہ سے زائد عرصے سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی شدید مذمت کرتے ہوئے فوری اور غیر مشروط جنگ بندی کے لیے بین الاقوامی کوششوں اور محاصرہ ختم کرنے پر زور دیا اور غزہ کے محصور عوام کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کی اپیل کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے کشمیری عوام اور ان کے جائز حقوق کے لیے ایران کی واضح اور اصولی حمایت پر ایرانی قیادت بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مؤقف کو سراہا ۔

**