سعودی عرب سے پانچ سے سات ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ آنا اور سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان کے حالات کو ساز گار قرار دینا بزنس کمیونٹی کیلئے بہت حوصلہ افزاء ہے:


سعودی عرب سے پانچ سے سات ارب ڈالر کی انویسٹمنٹ آنا اور سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان کے حالات کو ساز گار قرار دینا بزنس کمیونٹی کیلئے بہت حوصلہ افزاء ہے:
زاہد جمیل پٹیالہ (سینئر نائب صدر ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاء الدین)
موجودہ حکومت کے قیام کے بعد چین کی جانب سے سی پیک کا دوبارہ آغاز اور اَب سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کیلئے وفد کی آمد، اسٹاک مارکیٹ میں بلندی معیشت کیلئے اچھے اشارے ہیں اِس صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے زاہد جمیل پٹیالہ (سینئر نائب صدر ایوان صنعت و تجارت منڈی بہاء الدین) نے کہا بیرونی سرمایہ کاری کے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔ یہ بات خوش آئند ہے کہ ہمارے دوست ممالک نے یہاں سرمایہ کاری کا آغاز کر دیا ہے اِس طرح دیگر ممالک کی انویسٹمنٹ آئے گی اور ملکی معیشت کو بڑھاوا ملے گا۔ اُنھوں نے کہا کہ سعودیہ کی جانب سے بڑی انویسٹمنٹ کا آنا اور وہاں کے وزیر خارجہ کا پاکستان کے حالات کے تسلی بخش قرار دینا بڑا حوصلہ افزا ء ہے اور بطور بزنس مین میں سمجھتا ہوں کہ یہ اچھے اشارے ہیں جو ہمیں بہتری کی جانب لیکر جائیں گے۔ ہم ملک میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اپنی مسلح افواج کی جانب دیکھ رہے ہیں اور ہر میدان میں اُن کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اِس وقت ملکی حالا ت کو دیکھتے ہوئے عوام کو چاہیے کہ اپنی افواج کے حوصلے بڑھائیں اور سوشل میڈیا پر بیٹھ کر تنقید کرنے والوں کی حوصلہ شکنی کریں۔ پاک فوج ملکی اتحاد اور سلامتی کی ضامن ہے۔ دشمن کے آلہ کار بن کر اپنے ملک کے خلاف سازش کا حصہ نہ بنیں۔ اِس وقت ریاست کو مستحکم کرنے کیلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہے کیونکہ جب تک ریاست خوشحال نہیں ہو گی عوام خوش حال نہیں ہو سکتی۔ اِس وقت غیر ملکی سرمایہ کاری کا آنا ہمارے لئے بہت خوش آئند ہے۔ ہمارے اوورسیز احباب کو بھی کوشش کرنی چاہیے کہ صرف رئیل اسٹیٹ میں انویسٹمنٹ کرنے کی بجائے انڈسٹری کی طرف توجہ دیں چاہے چھوٹے ہونٹ لگائیں لیکن مثبت کام کریں۔ اِس سے ملک میں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ذاتی پروڈکشن بڑھے گی اور ایکسپورٹس بھی بڑھا سکیں گے۔ جب تک ہماری امپورٹس کم اور ایکسپورٹس زیادہ نہیں ہوتیں معیشت دباؤ کا شکار رہے گی۔ ہماری بزنس کمیونٹی چیمبر کے پلیٹ فارم کو استعمال کرے جہاں سے اُن کو بہترین بزنس پروپوزل مل سکتے ہیں اور اُن پر عملدارآمد کر کے بزنس سیکٹر میں ترقی کی جا سکتی ہے۔اہلیان منڈی بہاء الدین خوش قسمت ہیں کہ اُن کے پاس چیمبر آف کامرس کا پلیٹ فارم موجود ہے جہاں صدر پیر محمد حیدر رضا نقوی اور اُن کی ٹیم بہترین انداز میں کام کر رہی ہے اور بزنس کمیونٹی کی مدد کیلئے ہر وقت تیار ہیں، آئیں ملکر اپنے ملک کی خدمت کریں۔
==============================


پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزیراعظم محمد شہباز شریف
وزیراعظم محمد شہباز شریف نےپاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے اور کہا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے ذریعے ملک میں سرمایہ کاری لانے میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود اور وفد کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان منفرد تعلقات میں باہمی مفاد میں سرمایہ کاری، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان پر سعودی عرب کے شکرگزار ہیں جبکہ پوری قوم سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی منتظر ہے، دورے کے دوران باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہرممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم نے سرمایہ کاری سے متعلق عالمی ماہرین کی مشاورت سے فزیبلٹی تیار کی ہے، آج کی گفتگو سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے، سعودی عرب کے ساتھ اربوں ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کے معیار پر پورا اتریں گے، ایس آئی ایف سی شاندار ماڈل ہے جس نے مختصر وقت میں بہترین میکنزم تشکیل دیا ہے، ہم اپنے اہداف حاصل کریں گے، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی میں آرمی چیف اور اہم سیاسی شخصیات شامل ہیں، ہم مل کر اپنا مشن مکمل کریں گے، مشترکہ منصوبوں کو مکمل کرکے ہم اپنا ہدف حاصل کریں گے۔ سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھرپور استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کرتے ہیں، سعودی عرب کے وفد کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ عشائیہ میں وفاقی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ، آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری و سول حکام بھی موجود تھے۔