کراچی میں بارش کس وقت شروع ہوگی


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کے سسٹم سے کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سسٹم بلوچستان سے گزرتا ہوا آج شام کراچی میں داخل ہو جائے گا، شہر میں بارش کا سلسلہ کل جمعرات کی صبح سے شروع ہوجائے گا۔

بارش کے ساتھ ہوا کی شدت بھی زیادہ ہوگی اور گرج چمک کے ساتھ آندھی چلنے کے بھی امکان ہیں۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ بارش کا زیادہ رجحان شہر کے مغربی، شمال مغربی اور جنوبی علاقوں میں رہ سکتا ہے جس میں سرجانی ٹاؤن، بلدیہ، لیاری، اورنگی ٹاؤن، کیماڑی، ڈی ایچ اے، صدر اور کلفٹن شامل ہیں۔

واضح ہے کہ گزشتہ روز پروونشل ڈیزاسٹر مینیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کی جانب سے ایڈوائزری میں کہا گیا تھا کہ مغربی ہواؤں کا سلسلہ جنوب مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کے بعد اس سسٹم کے زیر اثر کراچی ڈویژن میں 17 اپریل کی رات اور 18 اپریل کو گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی شدت اور کہیں کہیں موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس سسٹم کے زیر اثر 18 اپریل کو جامشورو، دادو، نوشہرہ فیروز، حید آباد، دادو، مٹیاری، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈوالہ یار، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، میرپورخاص، عمر کوٹ اضلاع میں بارش ہوگی۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر قائد میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور رات میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت 25.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ شہرمیں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ شہر کی فضا میں نمی کا تناسب 77 فیصد ریکارڈ کیا گیا جب کہ کراچی میں شمال کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔
======
گوادر سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش، ندی نالے بپھرنے کا خطرہ
گوادر میں تیز ہواؤں کے باعث کشتیوں کو نقصانات پہنچنے کا اندیشہ
مغربی ہواؤں کا سلسلہ بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کے باعث گوادر سمیت مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش ہورہی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے جاری الرٹ کے مطابق صوبے کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے۔

تفتان، نوکنڈی اور دالبندین سمیت پاک ایران اور پاک افغان سرحدی علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

گوادر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے جب کہ تیز ہواؤں کے وجہ سے چھوٹی اور بڑی کشتیوں کو نقصانات پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، گوادر، کیچ، آواران، چاغی، خاران، پسنی ،اورماڑہ، لسبیلہ، خضدار، قلات، نوشکی، جھل مگسی، نصیر آباد، سبی، کوہلو، ڈیرہ بگٹی، لورالائی، ہرنائی، زیارت، چمن اور قلعہ سیف اللہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی برسات ہوئی۔
=======

دبئی میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا
دبئی میں رات سے جاری بارش کا سلسلہ تھم گیا، مختلف علاقوں سے نکاسی آب کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ روز متحدہ عرب امارات کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں نے 75 سال کا ریکارڈ توڑ دیا۔

طوفانی بارشوں کی وجہ سے مختلف سیکشنز سے دبئی کے شیخ زاید روڈ کو بند کرنا پڑ گیا، ٹریفک جام سے چند کلومیٹر کا فاصلہ کئی گھنٹوں پر محیط ہوگیا۔

دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ کے سامنے بھی پانی جمع ہو گیا، 25 منٹ تک دبئی ایئر پورٹ پر فلائٹ آپریشن بند رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق حکومت نے عوام کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی ہے، دبئی کی سڑکوں پر صبح سویرے سناٹا ہے۔

حکومت کی ہدایت پر اسکولوں میں ریموٹ لرننگ جبکہ دفاترکے ملازمین کو ورک فرام ہوم کی ہدایات کی گئی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سڑکوں پر نکاس آب کے لیے عملہ مصروف یے جبکہ ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ادھر راس الخمیہ میں ایک اماراتی شہری ریلے میں بہہ گیا۔

MET OFFICE

RAIN

HOT WEATHER