غزل گائیک پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 73 برس کی عمر میں چل بسے


بھارت کے معروف غزل گائیک پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 73برس کی عمر میں چل بسے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق پنکج ادھاس کی بیٹی نایاب ادھاس نے اپنے والد کے انتقال کی خبر کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اُن کے والد طویل علالت کے بعد گزشتہ روزانتقال کرگئے۔ نایاب ادھاس نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ کے ذریعے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔ نایاب ادھاس نے لکھا کہ نہایت افسوس کے ساتھ اطلاع دی جا رہی ہے کہ پنکج ادھاس طویل علالت کے بعد 26فروری کو انتقال کر گئے ہیں۔ وہ بریچ کینڈی اسپتال میں زیر علاج تھے، جہاں تقریباً 11 بجے صبح انھوں نے آخری سانس لی۔ ان کی آخری رسومات منگل کو ادا کی جائیں گی۔ پنکج ادھاس کا غزل کیریئر کئی دہائیوں پر محیط تھا اور انہیں اپنی خوبصورت اور میٹھی آواز کے باعث دنیا بھر میں ان کا شہرہ تھا۔ 1980 میں اپنے پہلے غزل البم ’آہٹ‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے پنکج ادھاس نے بڑی تعداد میں سپر ہٹ غزلیں گائیں۔