جیکب آباد شہر کی سیاسی، سما جی، مذہبی، کاروباری اور قومپرست تنظیموں پر مشتمل شہری اتحاد کی جانب سے بدامنی کے خلاف سپریم کونسل کا اجلاس، الیکشن کے بعد ضلع بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے،

جیکب آباد:رپورٹ ایم ڈی عمرانی ۔
جیکب آباد شہر کی سیاسی، سما جی، مذہبی، کاروباری اور قومپرست تنظیموں پر مشتمل شہری اتحاد کی جانب سے بدامنی کے خلاف سپریم کونسل کا اجلاس، الیکشن کے بعد ضلع بدامنی کی آگ میں جل رہا ہے، 26 فروری کو مظاہرے اور احتجاجی تحریک چلانے کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق شہر کی سیاسی، سماجی، مذہبی، کاروباری اور قومپرست تنظیموں پر مشتمل شہری اتحاد کی سپریم کونسل کا اجلاس صدر محمد یاسر ابڑو کی صدارت میں ابڑو ہاؤس میں ہوا، اجلاس میں شہری اتحاد کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر اے جی انصاری، چیمبرس آف کامرس کے صدر احمد علی بروہی، مہران سوشل فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ عبد الحئی سومرو، جے یوآئی کے چاکر خان جکھرانی، اتحاد کے نائب صدر رحمت اللہ کھوسو، جسقم کے عبد الوحید بروہی، ہندو پنچائت کے سریچند، پی ٹی آئی کے احسان سہاگ، اے پی سی کے محمد شعبان ابڑو، شیعہ تحریک کے شاہد جوادی، سٹی فورم کے میاں احمد بلیدی، نصراللہ ڈومکی، کلاتھ مرچنٹ کے گل حسن ٹالانی، لکھمیر چاچڑ، عبد الفتاح ڈومکی، پ پ ش ب کے ریاض احمد لاشاری، امن اتحاد کے شفیع محمد ابڑو، نوجوان اتحاد کے خالد کٹبار، ہیومن رائٹس کے راحیل منگی، صحافی محمد صدیق ٹالانی، عبد النبی لاشاری، رضوان چاچڑ، روشن لال، سماجی رہنما محمد امین کھوسو سمیت سول سوسائٹی کے نمائندوں اور معزز شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی، اجلاس میں مقررین نے کہا کہ الیکشن کے بعد بدامنی بھڑک اٹھی ہے پتا نہیں کہ ووٹ دینے یا نہ دینے کی سزا دی جارہی ہے، بچے، بوڑھے اور عورتیں تک محفوظ نہیں، پولیس امن کروانے میں ناکام ہوچکی ہے، دن دیہاڑے شہر میں کلاشنکوف اٹھاکر سر عام دہشت پھیلائی جارہی ہے مگر ان کے خلاف کارروائی نہیں کی جا رہی ہے، تھانوں میں عوام کی فریاد سننے والا کوئی نہیں، تھانے عوام کی تحفظ کے بجائے غریبوں کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکس ادا کرتے ہیں امن اور تحفظ دینا پولیس کا فرض ہے، اجلاس میں کہا گیا کہ وکیلوں کی بینچ بناکر پولیس کی نااہلی، بدامنی اور بدمستی کے خلاف کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی تحفظ کے لیے پولیس نے چوکیاں ختم کر کے ڈاکوؤں کو چھوٹ دی گئی ہے، جیکب آباد کا دس سالوں کا نوید لاشاری آٹھ ماہ سے اغواء کیا گیا ہے مگر پولیس نے اس کی بازیابی کیلئے ابھی تک کچھ بھی نہیں کیا، انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کے لیے ڈاکوؤں کو بغیر کسی فرق کے جکڑنا پڑے گا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ 26 فروری کو 2 بجے پیر کے دن شہید اللہ بخش پارک جیکب آباد سے پریس کلب تک بڑا جلوس نکال کر دھرنا دیا جائے گا، مزید کہا کہ اگر امن و امان نہیں ہوا، عوام سے لوٹا ہوا اور چوری شدہ سامان واپس نہیں کرایا گیا تو مسلسل احتجاجی تحریک چلائی جائے گی اور شٹر ڈاؤن ہڑتال بھی کی جائے گی۔