پی پی نے بلاول بھٹو کیلئے وزارت عظمیٰ مانگ لی

لاہور( علی رضا) ن لیگ کے ساتھ مل کر اتحادی حکومت بنانے کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو کے لیے وزارت عظمیٰ طلب کرلی ہے۔

دی نیوز کو نواز لیگ کے ذرائع سے ملنے والی اطلاعات میں کہا گیا ہے سابق وزیراعظم شہباز شریف سے سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو نے جمعہ کی رات کو ملاقات کی اور مستقبل میں اتحادی حکومت بنانے پر گفتگو کی۔

ہفتہ کو پارٹی ذرائع نے نواز لیگ کے رہنمائوں سے وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کے لیے مختلف آپشنز پر غور کیا۔ اس حوالے سے نواز لیگ کی قیادت نے ہفتہ کو ایک اجلاس بھی منعقد کیا جس کی صدارت شہباز شریف نے کی تھی۔

اس اجلاس میں سینیٹر اسحٰق ڈار، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، مریم اورنگزیب، ملک محمد احمد خان، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، عطااللہ تارڑ، خواجہ عمران نذیر اور دیگر نے شرکت کی۔

ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف نے اپنی پارٹی کے ارکان کو بتایا کہ سابق صدر آصف زرداری نے بات کا اغاز ہی بلاول بھٹو کو وزیراعظم بنانے اور مرکزی وزارتی پورٹ فولیوز دینے کے مطالبے سے کیا۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پارٹی رہنمائوں کو مزید بتایا کہ اس کے بدلے میں آصف علی زرداری نے نواز لیگ کو پنجاب میں حکومت سازی کے لیے حمایت دینے کی پیشکش کی۔ نواز لیگ کے صدر نے حکومت سازی کے متعدد آپشنز پر بھی گفتگو کی۔

یہ بھی زیر غور آیا کہ اگرچہ نواز لیگ ملک میں ’سب سے بڑی‘ سیاسی جماعت کی حیثیت سے سامنے آئی ہے لیکن یہ اب بھی اپنے تئیں حکومت نہیں بناسکتی اور اسے دیگر پارٹیوں یا آزاد ارکان کی ضرورت ہوگی۔
https://jang.com.pk/news/1319168
==========================================

حکومت سازی، آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات آج ہوگی

سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ملاقات آج ہوگی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔

حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے گزشتہ روز ملاقات کی تھی۔

دوسری جانب نوازشریف کی دعوت پر ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بھی لاہور پہنچ گیا ہے، وفد میں گورنر سندھ، خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔

آصف زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات ن لیگ، پی پی کا مل کر چلنے پر اتفاق

رپورٹس کے مطابق ن لیگ متحدہ کو وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کے لیے تعاون کی درخواست کرے گی۔

ادھر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرچکی ہے، فیصلے میں تبدیلی کے لیے دوبارہ سی ای سی سے رجوع کرنا ہوگا۔