انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ترقی سے پاکستان معاشی بحران سے نکل سکتا ہے۔شیخ عمر ریحان معاشی ترقی کے حصول میں جدید ٹیکنالوجی کا اہم کردار ہے ۔سابق صدر کاٹی

کراچی ( ) پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایک ایسا شعبہ ہے جو اس وقت پاکستان میں انقلابی کردار ادا کرتے ہوئے ملک کو معاشی بحران سے نکال سکتا ہے۔ آئی ٹی کا شعبہ پاکستان کو بغیر کسی معاونت، سہولیات اور تعاون کے تقریباً ڈھائی ارب ڈالر سے زائد کما کر دے رہا ہے۔یہ بات کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر شیخ عمر ریحان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہی ۔عمر ریحان نے کہا کہ اگر پاکستان میں اس شعبے پر حکومتی توجہ اور مد د فراہم کی جائے تو یہ ملک کی معیشت اور ایکسپورٹ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکتا ہے۔شعبہ آئی ٹی میں پاکستا ن میں لوگ اپنی مدد آپ کے تحت محنت کر رہے ہیں اور پاکستان کی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئی ٹی ایکسپرٹس یا فری لانسرز کو اپنے پروجیکٹس مکمل کرنے کیلئے حکومتی معاونت اور جدید ہارڈویئر میں آسانی پیدا کرنے سمیت آئی ٹی شعبے کو فروغ دینے کیلئے راہ میں حائل مسائل حل کرنے کی ضرورت ہے ۔ سابق صدر نے کہا کہ پاکستان میں کمپیوٹرز، اسمارٹ موبائل فونز اور انٹرنیٹ پر عائد ٹیکسسز اور چارجز کو کم کرنے کی ضرورت ہےتاکہ اس شعبے سے وابستہ افراد اپنی مہارت اور اسکلز میں اضافے کو ممکن بنا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو فوری طور پر معاشی بحران سے نکالنے کا واحد راستہ آئی ٹی انڈسٹری کو فروغ دینے میں ہے۔عمر ریحان نے مزید کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کیلئےاگر مثبت ، ٹھوس اور انقلابی اقدامات کئےجائیں تو ہم پاکستان کو اقتصادی ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کے ساتھ ملک کو خوشحال بنا سکتے ہیں۔انہوں نے حکومت سے درخواست کی کہ نوجوانوں کی سہولت کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں، تاکہ پاکستان کا نوجوان جو آئی ٹی کے شعبے میں بے پناہ صلاحیتیں رکھتا ہے وہ عالمی سطح پر اپنا کھویا ہوا وقار واپس حاصل کر سکیں اور بین الاقوامی سطح پر اس شعبے میں دستیاب بے شمار وسائل سے فائدہ اٹھا کر اپنی ایکسپورٹ کو ریکارڈ سطح پر لے کر جائیں۔
========================

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC