زرعی مالی شمولیت خواندگی پروگرام کا آغاز

18 ستمبر 2023ء
اسٹیٹ بینک، بینکنگ سروسز کارپوریشن نے ملک بھر میں منعقدہ سلسلہ وار پانچ ورکشاپس کے ذریعے زرعی مالکاری خواندگی پروگرام(اے ایف ایل پی) کا آغاز کردیا ہے۔ زرعی قرض مشاورتی کمیٹی کی تجویز کے تحت کیے جانے والے اس اہم اقدام کا مقصد کاشت کاروں میں دستیاب مالی اسکیموں اور حکومت کے زیر ِانتظام اقدامات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ زرعی مالکاری خواندگی پروگرام پہلے ایسے اقدام کے طور پر سامنے آیا ہے جس نے تمام متعلقہ فریقوں بشمول اسٹیٹ بینک، کمرشل بینکوں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے محکموں کو کاشت کاروں سے اجتماعی طور منسلک کرنے کے لیے متحد کردیا ہے۔
زرعی مالکاری خواندگی پروگرام زرعی مالکاری کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کرتا ہے ، جس کی توجہ بنیادی طور پر نئے کاشت کاروں کی معاونت پر مرکوزہے، تاکہ قرض لینے والوں کی تعداد بڑھائی اور مالی شمولیت کو فروغ دیا جاسکے ۔ اس میں ملک بھر کے کاشت کاروں کےلیے مالی وسائل تک مساوی رسائی یقینی بناتے ہوئے، زرعی مالیات میں صنفی اور علاقائی عدم مساوات کم کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ زرعی مالکاری خواندگی پروگرام کے تحت آئندہ پانچ سالوں میں، فصلی شعبے، گلّہ بانی، پولٹری اور ماہی گیری کے شعبوں میں پانچ لاکھ کاشتکاروں کو مالی ایکو سسٹم میں شامل کرنے کی خواہش ظاہر کی گئی۔ یہ پروگرام کاشت کاروں کی راہ میں بنیادی رکاوٹ یعنی مالی ضروریات کو مؤثر طریقے سے پورا کرکے پاکستان کی زرعی ترقی اور پائیداری میں اہم کردار ادا کرے گا۔
پروگرام کے افتتاح کے ساتھ ایس بی پی بی ایس سی کے شعبہ اعانتِ مالی شمولیت نے کراچی، کوئٹہ، لاہور، راوالپنڈی اور پشاور سمیت بڑے شہروں میں سلسلہ وار پانچ ورکشاپس کا انعقاد کیا۔ جس کا بنیادی مقصد بینک کے عہدیداروں ، جو خواندگی کے پروگرام کو نچلے درجات تک لے جائیں گے، میں آگاہی پیدا کرنا تھا ،اور ان صوبائی محکموں کو شامل کرنا، جو ملک بھر میں وسیع نیٹ ورک کے حامل ہیں، جن سے اس مہم میں استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ ان ورکشاپس میں کمرشل بینک کی نمائندگی کرنے والے افراد اور ان علاقوں کے صوبائی زرعی توسیعی محکموں، محکمہ لائیو اسٹاک اور محکمہ ماہی پروری نے بھرپور شرکت کی۔
اسٹیٹ بینک، ایس بی پی، بی ایس سی اور مختلف متعلقہ فریقوں کو یکجا کرنے کی یہ مشترکہ کوشش کاشت کار برادری کو بااختیار بنانے، مالی شمولیت کو فروغ دینے اور پورے پاکستان میں زرعی ترقی کو فروغ دینے کے ہمارے اجتماعی عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
*****************

https://www.youtube.com/watch?v=ak0DHASC