سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کیلئے جو اصلاح گھر اور سہولیات دی جارہی ہیں وہ دیگر صوبوں کی کسی جیل میں نہیں ہیں، سید ناصر حسین شاہ کا کراچی سینٹرل جیل میں جشن آزادی کی تقریب سے خطاب

کراچی 14 اگست ۔ڈپٹی جنرل سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ و سابق وزیر بلدیات، ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ و پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی جیلوں میں جو اصلاح گھر بنائے گئے ہیں اور قیدیوں کو جو سہولیات فراہم کی جارہی ہیں وہ ملک کے دیگر صوبوں کی جیلوں میں نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے آج کراچی سینٹرل جیل میں پاکستان کے 76ویں جشن آزادی کی ایک پروقار تقریب کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے اپنے خطاب میں کیا۔ سابق وزیر جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی، آئی جی جیل خانہ جات اور سپرینٹنڈنٹ جیل بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر کہا کہ سب کو پاکستان کی بھلائی اور ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہے۔ چیئرمن بلاول بھٹو زرداری، صدر آصف علی ذرداری، محترمہ فریال تالپور اور پیپلزپارٹی کی قیادت کا جو وژن ہے ترقی کا وژن بھلائی کا وژن امن کا وژن اس کو ہم سب نے مل کر آگے بڑھانا ہے۔ 2018 میں جب یہ محکمہ مجھے ملا اس وقت صدر آصف علی ذرداری نے مجھے بلاکر خصوصی ہدایات دیں کہ آپکو جیل کے انتظامات میں بہت زیادہ بہتری لانی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے قانون بنائے اور سہولیات فراہم کیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے مزید قانون سازی کی جارہی ہے، ایسے قانون بنائے جارہے ییں جس سے قیدیوں کے حقوق میں بہتری آئے گی اور وہ جیل میں ہوکر بھی تمام امور جیسے کہ تعلیم حاصل کرنا کمپیوٹرز کی تعلیم سمیت ہنر سیکھنا شامل ہیں جس سے ایک اچھی آمدنی اور اچھی زندگی کیلئے مواقع حاصل کرسکیں گے۔ سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر جرمانہ کی عدم اسائیگی کے باعث رہائی نہ پانے والے ایک قیدی کے جرمانے کی رقم اپنی جیب سے ادا کرکے آئی جی جیل خانہ جات کو قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد قیدی کی رہائی کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت بھی کی۔ قیدیوں نے اس موقع پر ناصر شاہ اور اعجاز جاکھرانی کو اپنے ہاتھ سے بنائی گئی مصنوعات پیش کیں۔ اس موقع پر سید ناصر حسین شاہ اور اعجاز جاکھرانی کو روایتی اجرک، ٹوپی اور بلوچی پگڑی کا تحفہ پہنایا گیا۔

ہینڈ آؤٹ نمبر 646
=============================