گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی ۔

لاہور(جنرل رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے گورنر ہائوس لاہور میں پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر ایک پروقار تقریب میں پرچم کشائی کی ۔تقریب کے بعد گورنر پنجاب اور بیگم گورنر بچوں میں گھل مل گئے اور ان سے محو گفتگو بھی ہوئے۔ اس موقع پر ملک و قوم کی سلامتی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پوری قوم کو پاکستان کے76ویں یوم آزادی کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ہر پاکستانی کو ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ۔گورنر پنجاب نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کوئی کسراٹھا نہیں رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان عطیہ خداوندی ہے اور ہمارے آبائو اجداد کی بے پناہ قربانیوں اور جدوجہد سے حاصل ہوا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں رب العزت کے اس انعام اور نعمت کی قدر،رکھوالی اور پاسبانی کرنی ہے اور یہ اسی صورت ممکن ہے اگرہم اپنی سیاسی وابستگیوں اور انفرادی سوچوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اجتماعی سوچ اپنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عزم کرنا ہے کہ ہمیں اپنی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے ادا کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج اس عہد کے تجدید کا دن ہے کہ پاکستان کی ترقی کے لئے باہمی اختلافات بھلا کر ایک قوم بن کر سوچیں گے۔ ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف اتحاد ، یگانگت، باہمی رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دے کر ہی کیا جاسکتا ہے۔ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کے بتائے گئے رہنما اصولوں اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے افکار کو عملی طور پر اپنی زندگیوں حصہ بنائیں گے۔ یہ ملک اور یہ سبز ہلالی پرچم ہماری پہچان اور شناخت ہے ۔انہوں کے کہا کہ آج کے دن وہ افواج پاکستان اور سیکیورٹی فورسز کے ان شہدا کو بھی خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن عزیز کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے دیے۔
=========================