نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں لانچ آف ریسرچ سٹڈیز کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے مقامی ہوٹل میں لانچ آف ریسرچ سٹڈیز کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال مدثر ریاض ملک، یون این ایف پی اے اسسٹنٹ کنٹری نمائندہ ڈاکٹر روبینہ علی، مختلف این جی اوز اورمتعلقہ افسران نے شرکت کی۔تقریب میں شرکت گاہ، یوکے ایڈ، آواز دو، دارالفلاح، دارالامان و دیگر اداروں کے نمائندگان بھی موجود تھے۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان میں جینڈر بیسڈ وائلینس کا ہونا افسوس ناک ہے۔ حال ہی میں چھ ماہ تشدد کا نشانہ بننے والی رضوانہ کا جنرل ہسپتال لاہور میں علاج جاری ہے۔ پاکستان میں جینڈر بیسڈ وائلینس کے اعدادوشمار انتہائی خوفناک ہیں۔ صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ جینڈر بیسڈ وائلینس میں واضح کمی لانی جانی چاہئے۔جینڈر بیسڈ وائلینس کے خاتمہ کیلئے تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ پاکستان سمیت دنیا کے پانچ ممالک میں خدمت انسانیت کا موقع ملا ہے۔ پاکستان میں گھریلو تشدد کے 90 فیصد واقعات رپورٹ ہی نہیں کئے جاتے۔ رضوانہ کو مسلسل چھ ماہ تک بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے۔رضوانہ کے جسم پر 90 سے زائد تشدد کے نشانات موجود ہیں۔
نگران صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جنرل ہسپتال لاہور میں رضوانہ کا علاج کامیابی سے جاری ہے۔ رضوانہ ایک صابر اور حوصلہ مند بچی ہے۔ رضوانہ کو گرم چمٹوں سے تشدد کا نشانہ بنایا جاتا رہا۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ انشاء اللہ ہم رضوانہ کلی کو پھول بنائیں گے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال بھی رضوانہ کا خیال رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی معاشرہ میں تشدد صرف اور صرف تعلیم اور شعور کی کمی کی وجہ سے کیا جاتا ہے۔ اللہ پاک حقوق العباد کی پامالی کرنے والے شخص کو ہرگز معاف نہیں کرے گا۔ نگران صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب میں ویمن امپاورمنٹ کیلئے اہم اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں مستقل ایم ایس تعینات کرنے کیلئے کل انٹرویوز کئے جا رہے ہیں۔ پنجاب میں سرکاری ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں انفیکشن ختم کرنے کیلئے نو میں سے سات آپریشن تھیٹرز کو عارضی طور پر بند کیا گیا ہے۔ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ٹیم جناح ہسپتال میں بھی سرجریز کررہی ہے۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ کاشانہ میں خواتین کی بہبود کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال سے نکالی جانے والی خاتون افشاں کو اپنی صفائی پیش کرنے کا پورا موقع دیا جائے گا۔ نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے سیمینار کے انعقاد پر محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال و دیگر سٹیک ہولڈرز کو مبارکباد دی اورتقریب میں شرکت کرنے والے مہمانوں میں یادگاری شیلڈز بھی تقسیم کیں۔
==============================