)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،

لاہور(جنرل رپورٹر)نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اجلاس منعقدہوا،جس میں سیکرٹری صحت پنجاب علی جان خان، سپیشل سیکرٹری آپریشنز راجہ منصور احمد، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجدعلی شاہ، ڈاکٹر سلمان کاظمی، ڈاکٹرسلمان حسیب، ڈاکٹر شبیر چوہدری، ڈاکٹر وقاص ملک، ڈاکٹر مدثر نواز اشرفی، ڈاکٹر کاشف شبیر خان، ڈاکٹر رانا راشد اور ڈاکٹر اصغر علی نے شرکت کی۔نگران صوبائی وزیر صحت سے ایسوسی ایشن آف یونیورسٹی فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان کے وفد نے بھی ملاقات کی۔نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے اجلاس کے دوران سکیورٹی آرڈیننس، ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس، کی پرفارمنس انڈیکیٹرز الاؤنس، کنٹریکٹ پالیسی، سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں نئے میڈیکل افسران کی بھرتی، ڈپلومہ پروگرامز ایم سی پی ایس و دیگر امور کا جائزہ لیا۔
نگران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کی حکومت میں صحت کے شعبہ کی بہتری کیلئے تاریخی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔سید محسن نقوی ایک درد دل رکھنے والے وزیر اعلیٰ ہیں۔ وہ صحت کے شعبہ میں بہتری لاکر عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ تاریخ میں پہلی مرتبہ دل کے ہسپتالوں میں مریضوں کو پرائمری انجیو پلاسٹی کی 24/7 سہولت فراہم کی گئی ہے۔ صحت سہولت پروگرام میں قباحتوں کو دور کرکے اس کے ثمرات اصل حق داروں تک پہنچانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صحت سہولت پروگرام میں من پسند نجی ہسپتالوں اور لیبارٹریز کو نوازا گیا۔ہمارے لئے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ہیلتھ پروفیشنلز کا تحفظ بھی اہم ہے۔صوبائی وزیرصحت ڈاکٹرجاویداکرم نے مزیدکہاکہ ہیلتھ پروفیشنلز کو ہیلتھ پروفیشنلز الاؤنس دے رہے ہیں۔ سرکاری ہسپتالوں میں ہیلتھ پروفیشنلز کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے سکیورٹی آرڈیننس لا رہے ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو صحت سہولت پروگرام کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم بھی دیا۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ پنجاب میں گزشتہ حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کی نا مکمل تعمیر کو مکمل کروا رہے ہیں۔پنجاب کے تمام سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو عام عوام کیلئے کھول دیا گیا ہے۔
=====================

کیٹاگری میں : صحت