پنجاب یونیورسٹی شعبہ علوم صحافت کے طلباؤطالبات نے پی یو پرنٹنگ پریس کا دورہ کیاجس کا مقصد ڈیزائن،پیسٹنگ، پلیٹس اورپرنٹنگ کے مختلف شعبہ جات کی عملی معلومات حاصل کرنا تھا

:پنجاب یونیورسٹی شعبہ علوم صحافت کے طلباؤطالبات نے پی یو پرنٹنگ پریس کا دورہ کیاجس کا مقصد ڈیزائن،پیسٹنگ، پلیٹس اورپرنٹنگ کے مختلف شعبہ جات کی عملی معلومات حاصل کرنا تھا۔ڈائریکٹر پرنٹنگ پریس علی احمد نے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر شبیر سرور کی قیادت میں آنے والے 25افراد پر مشتمل طلباؤطالبات کے وفد کا استقبال کیا۔ علی احمد نے طلباء کو پریس کے مختلف شعبہ جات،پریس کی تاریخ، جدید رجحانات اور مشینری بشمول ڈیجیٹل پرنٹنگ کے استعمال اور ڈی ٹی پی ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا۔انچارج ڈیزائن اینڈ گرافکس سٹوڈیو محمد کامل نے ایڈیٹنگ سافٹ وئیر کے استعمال، 256 ملین رنگوں کے تغیرات اور’سی ایم وائے کے‘اصول کے تحت رنگوں کی علیحدگی کے عمل کو واضح کیا۔انہوں نے رنگوں کی علیحدگی کا عملی طریقہ کار بھی دکھایا۔پریس سپروائزر جلیل محسن نے طلباء کو پرنٹنگ پریس کے مختلف حصوں کا دورہ کروایا اور انہیں مشینوں اور انکی ٹیکنالوجی کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے طلباء کو آفسیٹ پرنٹنگ میں اخبارات، رسائل اور کتابوں کی چھپائی کے عمل سے آگاہ کیا۔ قبل ازیں طلباء نے پلیٹس کی تیاری، ویکیوم کے ساتھ کام کرنے والی کنٹیکٹ فریم مشین، ہالوجن لائٹ ایفیکٹ وغیرہ کو سمجھ کر ان کے عملی مظاہرے کو دیکھا۔ پری پریس ورک سے لے کر آفسیٹ پرنٹنگ، کٹنگ، فولڈنگ اور بائنڈنگ تک ہر چیز کو باریک بینی کے ساتھ دکھایا گیا۔ڈاکٹر شبیر سرور نے تمام تر انتظامات اورطلباء میں عملی علم کی ترسیل کیلئے پریس انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں طلباء کو ڈائریکٹر پریس کی جانب سے سوونیئرز کے طور پر پنجاب یونیورسٹی کی ڈائریاں پیش کی گئیں۔