پسوڑی کے ری میک پر امر خان بھی بول پڑیں

پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ امر خان نے ’پسوڑی‘ کے ری میک پر ردعمل کا اظہار کیا اور بھارتی فلم سازوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے پاکستانی گانا تسلیم کرنے پر زور دیا۔

بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان اور اداکارہ کیارا ایڈوانی کی آنے والی فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے عالمی ریکارڈ یافتہ پاکستانی گانے ’پسوڑی‘ کا ری میک تیار ہوگیا جو آج ریلیز کیا جائے گا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’ستیہ پریم کی کتھا‘ کے لئے پسوڑی کی شوٹنگ مکمل ہونے کے بعد آج صبح 11 بج کر 11 منٹ پر ریلیز کیا جائے گا تاہم اس کا ٹیزر گزشتہ شب ریلیز کردیا گیا جس کے بعد اس فلم کی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے۔

گزشتہ شب ریلیز کئے گئے ٹیزر میں کارتک آریان اور کیارا ایڈوانی کو سفید لباس میں ملبوس رومانس کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ ’پسوڑی‘ کا ری میک بھارتی گلوکار ارجیت سنگھ کی آواز میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تاہم ٹیزر کے ریلیز ہوتے ہی مداحوں کی بڑی تعداد نے اس ری میک کو مسترد کردیا اور اسے فلم کی ریلیز سے قبل حذف کرنے کا مطالبہ کرتے دکھائی دیئے۔
دوسری جانب اس بات پر بھی فلم سازوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے کہ ان کی جانب سے پاکستانی ہٹ نمبر کو گلوبل ہٹ نمبر کہا گیا، صارفین کے مطابق بالی ووڈ پاکستانی گانے چوری کرنے کا دم رکھتے ہیں لیکن اسے پاکستانی گانا تسلیم نہیں کرسکتے۔

اداکارہ امر خان نے بھارتی فلم سازوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے اسے پاکستانی گانا تسلیم کرنے پر زور دیا۔
اداکارعدنان صدیقی بھی ٹی سیریز کی اس ری میک سے ناخوش دکھائی دیئے۔
بعض سوشل میڈیا صارفین کے مطابق اس گانے کا ری میک بنانا ہی تھا تو کسی اور گلوکار کا انتخاب کرتے کیونکہ ’پسوڑی‘ رومانوی گانا نہیں ہے جبکہ بعض صارفین اس بات پر بھی تنقید کر رہے ہیں کہ بالی ووڈ ایک جانب پاکستانی فنکاروں پر پابندی عائد کرتا ہے تو دوسری جانب ان ہی کا مواد چوری کرتا ہے۔
خیال رہے کہ 29 جون کو ریلیز ہونے والی اس فلم کی ہدایت کاری سمیر ودھوانس نے کی ہے جبکہ اس فلم میں اداکار کارتک آریان کے ساتھ اس فلم کی اداکارہ کیارا ایڈوانی مرکزی کردار نبھارہی ہیں اور دیگر کاسٹ میں گجراج راؤ، راج پال یادیو و دیگر شامل ہیں۔