ویرات کوہلی کو انسٹاگرام سے ملنے والے معاوضے پر پاکستانی فنکاروں کا ردِعمل

سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی کے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرنے کے لیے خطیر رقم کی وصولی کی خبر سامنے آنے پر ان کے مداحوں کے علاوہ کئی نامور شخصیات نے بھی اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، بھارتی کرکٹر کوہلی فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک پوسٹ کرنے کے لیے 8 کروڑ بھارتی روپے کا معاوضہ وصول کرتے ہیں جوکہ تقریباََ 28 کروڑ پاکستانی روپے کے برابر ہے۔

سینئر اداکارہ صبا فیصل نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر کاسٹنگ ڈائریکٹر آصف رانا کی اس حوالے سے شیئر کی گئی ایک انسٹاگرام اسٹوری کو ری شیئر کیا ہے۔

اُنہوں نے کاسٹنگ ڈائریکٹر کی رائے سے اتفاق کیا کہ ویرات کوہلی اتنی زیادہ انکم ہونے کے باوجود بھی بہت ہی عاجزانہ مزاج کے مالک ہیں۔
معروف پاکستانی میزبان انوشے اشرف نے اپنی انسٹا اسٹوری پر مزاحیہ ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’میں بڑی ہوکر ویرات کوہلی بنوں گی‘۔
اس کے علاوہ اداکار عمر عالم نے اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’اس طرح کی سخت محنت کی ضرورت ہے‘۔