فلم ساز ویل شاہ نے اکشے کمار کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ بتادی

بالی ووڈ کے معروف فلم ساز ویل شاہ مایا ناز اداکار اکشے کمار کے ساتھ کام کرنے سے اجتناب کیوں برتتے ہیں، فلم ساز نے راز سے پردہ اُٹھا دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ساز ویل شاہ نے حال ہی میں انکشاف کیا ہے کہ میں نے کافی طویل عرصہ صرف اکشے کمار کے ساتھ ہی کام کیا، جب اس بات کا احساس ہوا تو مجھے لگا کہ یہ ہم دونوں کے لئے بہتر ہوگا کہ ہم کسی اور کو بھی آزمائیں، تب سے میں دیگر اداکاروں کو سوچ کرکردار لکھتا ہوں۔

انہوں نے اکشے کمار سے جھگڑے سے متعلق تمام گردش کرتی خبروں کی تردید کرتے ہوئے مزید کہا کہ میں بہت امن پسند انسان ہوں اور کسی سے لڑنا پسند نہیں کرتا، جس وقت اکشے کا ساتھ کام کرنا شروع کیا تو اس وقت صرف ان کو ہی سوچ کرکردار لکھتا تھا تاہم اب دیگر اداکاروں کو بھی ذہن میں رکھتا ہوں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے اکشے کمار کے ساتھ مستقبل قریب میں فلم کرنے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اکشے کمار کے پاس ابھی بہت سی فلمیں جیسے کہ او ایم جی 2، ہیرا پھیری 3 اور دی گریٹ انڈین ریسکیو ان دی کٹی، پائپ لائن میں ہیں جیسے ہی کچھ وقت ملے گا تو ہم دونوں ضرور ایک ساتھ کام کریں گے۔

خیال رہے کہ فلم ساز ویل شاہ اور اکشے کمار نے ایک ساتھ کئی فلمیں کی ہیں جن میں آنکھیں، نمستے لندن اور قوت: دی ریس اگینسٹ ٹائم شامل ہیں۔