ارشد شریف کی والدہ کی عمران خان فیصل، واوڈا ،سلمان اقبال ،مراد سعید اور عمران ریاض کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا

ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائیں،ارشد شریف کے قتل سے متعلق ان تمام افراد سے شواہد حاصل کیے جائیں۔ سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں موقف

کینیا میں قتل ہونے والے معروف صحافی ارشد شریف کی والدہ نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان فیصل، واوڈا ،سلمان اقبال ،مراد سعید اور صحافی عمران خان کو بھی شامل تفتیش کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔مرحوم ارشد شریف کی والدہ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ مقدمے کی حساسیت اور اہمیت کے پیش نظر سپریم کورٹ کے اقدام کو سراہتی ہوں۔
ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات پاکستان میں ہونے والی سازش سے شروع کی جائیں۔انہوں نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ متعدد افراد نے ارشد شریف کے قتل کی سازش بارے میں جاننے کا دعوی کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی رپورٹ ملی اور نہ ہی جی آئی ٹی رپورٹ فراہم کی گئی۔

سپریم کورٹ جے آئی ٹی سربراہ کو پانچ افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کا حکم دے۔

ارشد شریف کے قتل سے متعلق تمام افراد سے شواہد حاصل کیے جائیں۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کی رپورٹ فراہم کرنے کا حکم دے۔خیال رہے کہ سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ محمد عباس شاہ نے سینئر صحافی ارشد شریف قتل کیس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔بدھ کے روز عدالت نے سماعت کی اس موقع پر گواہان کی عدم پیشی پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثہ سے صورتحال پر معاونت طلب کر لی۔
عدالت نے ایک بار پھر گواہان کو طلبی کا نوٹس جاری کرتے ہوئے حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ۔عدالت نے ارشد شریف کے پروڈیوسر عثمان اور اہلیہ سمیعہ ارشد شریف کو بیان قلمبند کروانے کیلئے طلب کر رکھا تھا۔دوران سماعت کیس کے تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت اور پراسیکیوٹر فیصل قوسین مفتی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے کیس کی سماعت 14 جون تک ملتوی کردی۔
==============================

سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے نئی سیاسی جماعت ’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا۔

جہانگیر ترین نے لاہور کے مقامی ہوٹل میں نئی سیاسی جماعت “استحکام پاکستان پارٹی”کا باقاعدہ اعلان کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما بھی موجود تھے اس نئی سیاسی جماعت کے پیٹرن اِن چیف جہانگیر ترین خود ہیں۔

جہانگیر ترین نے کہا کہ ملک کو ترقی دینے کے جذبے کیلئے تحریک انصاف میں شامل ہوئے، دن رات محنت کی، بد قسمتی سے معاملات ایسے نہ چل سکے جیسے ہم چاہتے تھے، لوگ بد دل ہونے لگے، نو مئی کے واقعات نے ملکی سیاست کو بدل دیا، کوئی بھی معاشرہ ایسے واقعات کو برداشت نہیں کرسکتا، ہمارے اکٹھے ہونے کا مقصد ملک کو دلدل سے نکالنا ہے۔

علیم خان نے کہا کہ جہانگیر ترین نے ہم سب کو اکٹھا کرنے میں بڑے پن کا مظاہرہ کیا، ملک کو ترقی یافتہ بنانا ہے، انتشار سے دور رکھنا ہے۔

پریس کانفرنس میں علی زیدی، عمران اسماعیل، عامر کیانی، سردار تنویر الیاس، فردوس عاشق اعوان بھی شریک تھیں۔

’استحکام پاکستان پارٹی‘ کے قیام کا باضابطہ اعلان کردیا گیا

اس نئی جماعت میں پی ٹی آئی چھوڑنے والے عمران اسماعیل، علی زیدی، فواد چوہدری، عامرکیانی، محمود مولوی، جے پرکاش، مراد راس، فردوس عاشق اعوان، فیاض چوہان، نعمان لنگڑیال، ظہیر الدین علیزئی، جاوید انصاری اور طارق عبداللّٰہ شامل ہیں۔

نوریز شکور، رفاقت علی گیلانی، ممتاز مہروی، مہر ارشاد کاٹھیا، عثمان اشرف، جلیل شرقپوری، خرم روکھڑی، دیوان عظمت، جی جی جمال اور اجمل وزیر سمیت پی ٹی آئی کو خدا حافظ کہنے والے دیگر کئی ارکان بھی نئی پارٹی کاحصہ بن گئے۔
============================
ماں باپ کا مبینہ قاتل اسلام آباد ایئر پورٹ سے گرفتار
ملزم شاہ رومی صوابی پولیس کو مطلوب تھا، ایف آئی اے امیگریشن

ایف آئی اے میگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دوہرے قتل کے مقدمے میں مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم شاہ رومی اپنے ہی ماں باپ کے قتل میں صوابی کے تھانہ ٹوپی پولیس کو مطلوب تھا، اور فلائٹ نمبر پی کے 211 کے ذریعے دبئی فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو آف لوڈ کرکے گرفتار کرلیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم کو اسلام آباد ایئرپورٹ سے گرفتار کرنے کے بعد صوابی پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔