وزیر توانائی امتیاز شیخ نے گیس میٹر پر ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا

وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے گیس میٹر پر ہوشربا اضافے کو مسترد کر دیا۔

صوبائی وزیر توانائی نے گیس میٹر کے کرائے میں حالیہ اضافے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اوگرا میں بیٹھے بابوٶں کی من مانیاں ناقابل برداشت ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس فیصلے کے خلاف وفاق کو اپنے تحفظات سے آگاہ کرے گی ، یہ غریب عوام کے ساتھ نا انصافی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میٹر رینٹ کے ساتھ فکسڈ چارجز زیادہ گیس استعمال کرنے والوں پر ہی لاگو ہوتا ہے۔

صوبائی وزیر توانائی کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے گیس کی تقسیم کے معاملے پر آرٹیکل 158 پر عملدرآمد نہیں کر رہے، سب سے زیادہ قدرتی گیس پیدا کرنے والا صوبہ سندھ گیس سے محروم ہے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ناجائز گیس بلوں کی شکایات رفع کرنے کے لیے ایم ڈی سوٸی سدرن سے بات کی جاۓ گی اور وزیر اعظم فوری طور پر اوگرا کے من مانے فیصلوں کا نوٹس لیں۔

انہوں نے وزیر اعظم سے درخواست کی کہ سوٸی سدرن کو میٹر رینٹ پر اضافے کا فیصلہ فوری واپس لینے کے احکامات صادر کیے جائیں۔
==========================