کراچی میں سی پی ایس پی آف میڈیسن کی تقریب حلف برداری

کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز انتہائی با صلاحیت ڈاکٹرز مہیا کررہا ہے ، گورنر سندھ
طالب علم ڈگری حاصل کرنے کے بعد معاشرہ میں انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیں ۔کامران خان ٹیسوری

کراچی ( یکم اپریل ) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ ڈاکٹر ہماری صحت کی حفاظت اس طرح کرتے ہیں جس طرح فوج ملک کی حفاظت کرتی ہے ، یہی وجہ ہے کہ پروفیسرز اور انجینئروں کی طرح ڈاکٹر بھی معاشرہ میں قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز انتہائی با صلاحیت ڈاکٹرز مہیا کررہا ہے جو معاشرہ میں انسانیت کی خدمت انجام دے رہے ہیں، ادارہ سے فارغ التحصیل کئی ڈاکٹرز بیرون ممالک میں ملک وقو م کا نام بھی روشن کررہے ہیں جو کہ خوش آئند بات ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدر کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پروفیسرخالد مسعود کی جانب سے منعقدہ افطار و ڈنر میں شرکت کے موقع پر کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاکٹر ز کی فیس زیادہ ہونے کی وجہ سے مریض اپنا علاج کرانے کے لئے حکیموں اور ہومیو پیتھی ڈاکٹرز سے رجوع کررہے ہیں جوکہ انتہائی غیر مناسب بات ہے، انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر معاشرہ میں مسیحا کا کردار ادا کرتا ہے اسے انسانیت کے حوالہ سے سوچنا ہوگا، انہوں نے مزید کہا کہ طالب علم ڈگری حاصل کرنے کے بعد معاشرہ میں انسانیت کی خدمت کو ترجیح دیں ۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ طالب علم ڈگری حاصل کرکے بیرون ملک ضرور جائیں لیکن سب سے پہلے پاکستان کو ترجیح دیں ، کیونکہ اس وقت ملک بالخصوص دور درا ز علاقوں میں ڈاکٹرز کی اشد ضرورت ہے ،اس ضرورت کو پورا کرنے کے لئے ایک وژن کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیق پر بھی توجہ دینے کی ضرورت ہے ، جدید دور میں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ نصاب کی تیاری انتہائی نا گزیر بن چکی ہے، اس ضمن میں اداروں کو بھرپور اقدامات یقینی بنانا ہوں گے ۔کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مجھے عوامی گورنرکہلانے پر بے حد خوشی ہوتی ہے یہی وجہ ہے کہ میں سحری ، افطاری اور دوروں میں زیادہ تر وقت عوام میں رہ کر گزارتا ہوں، اور اس طرح مجھے ان کے مسائل کو بڑے قریب سے دیکھنے اور سننے کا موقع ملتا ہے ، اور میری کوشش ہوتی ہے کہ ان مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کرا سکوں ۔گورنر سندھ نے کہا کہ میری بھرپور کوشش یہی رہتی ہے کہ جتنا بھی وقت مجھے مل رہا ہے اس میں عوام کی زیادہ سے زیادہ خدمت کر سکوں ۔


Cpsp کراچی میں سی پی ایس پی آف میڈیسن کی تقریب حلف برداری۔
تقریب حلف برداری میں پروفیسر ڈاکٹر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ڈاکٹر بلقیس شبیر اور پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود خان اور دیگر نے شرکت کی۔
==================