انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں او پی ڈی کا آغاز کردیا گیا۔


لاہور(جنرل رپورٹر) انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں او پی ڈی کا آغاز کردیا گیا۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے باقاعدہ افتتاح کیا۔جون تک ہسپتال میں تمام سروسز فراہم کرنے کی بھی نوید سنادی۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی،پرنسپل میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر محمد آصف قریشی،ایم ایس ڈاکٹر نجیب الرحمن،ڈاکٹر عبدالرحمن چانڈیہ،کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ملتان کے

ڈائریکٹر ڈاکٹر مجتبیٰ اور دیگر موجود تھے۔ نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سردار فتح محمد خان بزدار آف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ڈیرہ غازی خان میں او پی ڈی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ چاروں صوبوں پنجاب،خیبر پختونخوا،بلوچستان اور سندھ کا ہسپتال ہے۔110 بیڈ کے ہسپتال پر چھ ارب روپے خرچ ہوں گے۔ہسپتال میں مرحلہ وار سروسز کا آغاز کردیا ہے۔سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ فی الحال کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ کو ٹیچنگ ہسپتال کے ساتھ منسلک کررہے ہیں تاہم ملتان کے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ سمیت دیگر دل کے ہسپتال سے ماہرین کی خدمات اس ہسپتال کو حاصل ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں 400 بیڈ کا مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال،نئی او پی ڈی اور گائنی وارڈ بھی زیر تکمیل ہیں۔ ڈی جی خان میں بہترین طبی سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہوگی۔صوبائی وزیر ہیلتھ پنجاب نے کارڈیالوجی انسٹیٹیوٹ ڈی جی خان کے مختلف شعبے میں دیکھیں اور ہدایات جاری کیں۔
======