جج رشوت کیس ،FIAدرخواست مسترد، شعیب شیخ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نے جج رشوت کیس میں گرفتار شعیب شیخ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا ۔ بدھ کو سماعت کے دوران ایف آئی اے نے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد شعیب شیخ کو سخت سیکیورٹی میں عدالت پیش کیا ، اس موقع پر پراسیکیوٹر جواد شاہ ، ایف آئی اے تفتیشی افسر رانا شاہد اور وکیلِ ملزم شہبازکھوسہ عدالت پیش ہوئے ۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ملزم شعیب شیخ سے ریکوری کوئی نہیں کی لیکن ریمانڈ کے دوران تفتیش کی ہے۔ شعیب شیخ نے کہا کہ مجھ کو جو خط بھیجا گیا میں نے اس کا جواب ایف آئی اے کو دے دیا ہے ۔ وکیل صفائی نے کہا کہ شعیب شیخ ایگزیکٹ کے چینل کے مالک ہیں ، سیاسی انتقام لیا جا رہا ہے ، کیا جج کو گرفتار کیا ؟ سیشن جج نے تو کہا کہ کوئی رشوت نہیں لی ، پانچ دن ہوگئے ، شعیب شیخ کے وکیل نے ملزم کو کیس سے ڈسچارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ سے مقدمے سے 26 ڈسچارج ہونے والے ملزمان میں شعیب شیخ بھی شامل ہیں ۔ اس موقع پر ایف آئی اے کی جانب سے شعیب شیخ کے مزید دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی ، فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں عدالت نے مزید جسمانی ریمانڈ کے لئے ایف آئی اے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شعیب شیخ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا ۔دریں اثناء سپیشل جج سنٹرل محمد اعظم خان نے جج رشوت کیس میں گرفتار شعیب شیخ کی درخواست ضمانت منظور کر لی ۔ بدھ کو سماعت کے دوران شعیب شیخ کے وکلاءنے درخواست ضمانت دائر کرتے ہوئے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی ، وکلاءکے دلائل سننے کے بعد عدالت نے50 ہزار روپے مالیتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرنے کا حکم سنا دیا ۔ قبل ازیں ایف آئی اے میں درج مقدمہ میں شعیب شیخ کوگرفتار کیاگیا تھا اور پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد جوڈیشل مجسٹریٹ نے گذشتہ روز شعیب شیخ کو جوڈیشل کرنے کا حکم سنایا تھا ۔
https://e.jang.com.pk/detail/396437
===================