جنرل ہسپتال لاہورمیں 5روزہ گیسٹرو انٹرالوجی انٹر نیشنل کانفرنس کا آغاز ہو گیااوراس سلسلے میں نوجوان ڈاکٹرز کی آگاہی کے لئے تربیتی اینڈوسکوپی ورکشاپ منعقد کی گئی

لاہور(جنرل رپورٹر)جنرل ہسپتال لاہورمیں 5روزہ گیسٹرو انٹرالوجی انٹر نیشنل کانفرنس کا آغاز ہو گیااوراس سلسلے میں نوجوان ڈاکٹرز کی آگاہی کے لئے تربیتی اینڈوسکوپی ورکشاپ منعقد کی گئی اور پہلے روز 40سے زائد مریضوں کے مفت اینڈوسکوپی پروسیجر کیے گئے جبکہ اس ورکشاپ میں 200سے زائد ملکی و غیر ملکی ڈاکٹرز شریک ہوئے۔طبی ماہرین نے زیر تربیت ڈاکٹرز کی آگاہی کے لئے جدید تحقیق کی روشنی میں جگر، معدہ اور آنت کی بیماریوں کے آپریشنز براہ راست کر کے دکھائے جس سے شرکاء کو ان آپریشنرز کی پیچیدگیوں اور طریقہ کار کے بارے میں خاطر خواہ آگاہی ہوئی۔
پروفیسر ڈاکٹر غیاث النبی طیب اور عالمی کانفرنس کے چیف آرگنائزر پروفیسر ڈاکٹر اسرار الحق طورنے اپنے خصوصی خطاب میں اس انٹر نیشنل نفرنس کے انعقاد کو پاکستان کے لئے خوش آئند قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ان نامساعد حالات میں انٹر نیشنل کانفرنس منعقد ہونے اور اس میں کثیر تعداد میں غیر ملکی ڈاکٹرز کی شرکت ہمارے ملک پر عالمی برادری کے اعتماد کا ثبوت ہے کیونکہ گیسٹر وانٹرالوجی کانفرنس سے نوجوان ڈاکٹرز اپنا میڈیکل نالج اپ ڈیٹ اور پیشہ وارانہ مہارت حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے جس سے اُن کے مستقبل اورمریضوں کی جلد صحت یابی کے لئے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔ پروفیسر اسرار الحق طور نے کہا اس عالمی کانفرنس سے ینگ ڈاکٹرزکو ترقی یافتہ ممالک کے سینئر ڈاکٹرزکے تجربہ سے سیکھنے کے بیش قیمت مواقع حاصل ہوں گے اور یہ لاہور جنرل ہسپتال کے لئے اعزاز کی بات ہے کہ اپنی روائیت برقرار رکھتے ہوئے ینگ ڈاکٹرز کو جدید تعلیمی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور دنیا بھر میں میڈیکل کے شعبے میں ہونے والی ترقی سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ گیسٹر انٹرالوجی انٹر نیشنل کانفرنس (آج)جمعرات کو بھی مختلف لیکچرز اور دیگر سرگرمیوں کے علاوہ ینگ ڈاکٹرز کے لئے 40 لائیو آپریشنز کیے جائیں گے۔سینئر پروفیسرز اور غیر ملکی مندوبین بھی شرکاء کو لیکچرز دیں گے۔